کورونا ویکسین سے متعلق سازشی خیالات، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے تردیدی بیان جاری کردیا

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس فائل فوٹو مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین سے متعلق یہ سازشی خیالات انتہائی احمقانہ ہیں کہ کورونا وائرس کو انسانوں میں مائیکرو چپس نصب کرنے کیلئے پھیلایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کورونا ویکسین پر سازشی خیالات کے دعوے پر پھٹ پڑے، انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ کورونا وائرس اس لیے پھیلایا گیا ہے تاکہ انسانوں میں مائیکرو چپس نصب کی جا سکیں۔

گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس قدر جھوٹ بولا جارہا ہے، میں کبھی بھی مائیکرو چپ جیسے منصوبوں کا حصہ نہیں رہا درحقیقت اس کی تردید کرنا بھی بہت مشکل ہے کیونکہ یہ انتہائی احمقانہ یا عجیب بات ہے۔

مائیکرو چپ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جاننا بہتر ہے کہ کن بچوں کو خسرے کی ویکسین دی گئی اور کن کو نہیں، ایسے نظام جیسے طبی ریکارڈ کو ترتیب دینے کی ضرورت ہے جو مدد فراہم کرسکیں، طبی عملے کو یہ شناخت کرنا ہوگی کہ کون وائرس سے محفوظ ہے مگر اس عمل میں کسی مائیکرو چپ کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری فاؤنڈیشن ویکسینزز خریدنے کے لیے سرمایہ حاصل کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک وبا کے خطرے کو دیکھا اور اس پر بات کی۔

واضح رہے کہ سال 2015 میں بل گیٹس نے ایک تقریر کے دوران خبردار کیا تھا کہ انسانیت کو سب سے بڑا خطرہ جوہری جنگ سے نہیں بلکہ کسی وبائی وائرس سے لاحق ہے جو کروڑوں افراد کے لیے جان لیوا بن جائے گا۔

اس خطاب اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کووڈ 19 کے خلاف لڑنے کے لیے 30 کروڑ ڈالرز کے عطیے کے اعلان اور ایک ویکسین کی تیاری کے اعلان پر کچھ حلقوں کی جانب سے مائیکرو سافٹ کے بانی کے خلاف آن لائن مہم شروع ہوگئی تھی اور متعدد اقسام کی افواہیں پھیلائی گئی تھیں۔

install suchtv android app on google app store