ہالینڈ کی ملکہ میکسیما کی ایک بار پھر پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن میں تعاون کی یقین دہانی

ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے ایک بار پھر پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن میں تعاون کی یقین دہانی کی فائل فوٹو ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے ایک بار پھر پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن میں تعاون کی یقین دہانی کی

ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہالینڈ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما میں ملاقات ہوئی، جس میں ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ملکہ میکسیما نے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی مدد کے بھرپور عزم کا اظہار کیا، انھوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں اور دورے کا خصوصی ذکر کیا، انھوں نے کہا کہ ہالینڈ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

ملکہ میکسیما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی فلاح کے طور پر ڈیجیٹل شناخت کا فروغ ضروری ہے، ڈیجیٹل پاکستان ملکی بہتری اور صنفی تقسیم کی کمی میں مددگار ہوگا۔

ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ملک میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم جاری ہے جس کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی گئے ہیں، عمران خان نے فورم کی سائیڈ لائن پر سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقاتیں کیں۔ صدر الہام علیوف سے ملاقات میں باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، قومی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store