جہاز سے گرنے کے ایک سال بعد فون کام کرتے ہوئے مل گیا، کیا آپ یقین کر لیں گے؟ دنگ کردینے والی خبر ضرور پڑھیں

آئی فون فائل فوٹو آئی فون

ایپل کے آئی فون دنیا بھر میں بہترین سمجھے جاتے ہیں اور یہ کتنے پائیدار ہوتے ہیں اس کی ایک مثال حالیہ دنوں میں سامنے آئی جو دنگ کردینے والی ہے، درحقیقت ایسا لگتا ہے کہ نوکیا 3310 کی جو مثالیں دی جاتی ہیں، ان کی ٹکر پر امریکی کمپنی کی ڈیوائسز کو بھی رکھا جاسکتا ہے۔

دی نیکسٹ ویب کی رپورٹ کے مطابق ایک فوٹوگرافر ہاﺅکر سنورسن گزشتہ سال آئس لینڈ گئے تھے تاکہ اس خوبصورت ملک کی تصاویر کھینچ سکیں۔

اس دورے کے دوران ایک موقع پر وہ ایک چھوٹے طیارے کی کھڑکی سے ہاتھ باہر نکالے بیٹھے تھے تاکہ آئی فون 6 ایس سے ویڈیو بناسکیں مگر بدقسمتی سے ایک جھٹکے کے نتیجے میں فون ہاتھ سے پھسل کر 200 فٹ نیچے پہاڑی علاقے میں گر گیا جہاں ایک دریا میں طغیانی کی وجہ سے پانی پھیلا ہوا تھا جبکہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں (گرنے کی ویڈیو نیچے دیکھ سکتے ہیں)۔

چونکہ وہ فون اتنی بلندی سے گرا تھا تو فوٹوگرافر نے سوچا کہ اب آئی فون 6 ایس کو بھول جانا چاہیے اور ایسا ہی کیا۔

مگر 13 ماہ بعد ہائیکرز کے ایک گروپ نے اس فون کو دریافت کرلیا جو حیرت انگیز طور پر سخت موسمیاتی حالات کے باوجود لگ بھگ ٹھیک کام کررہا تھا۔

ان ہائیکرز نے فوٹوگرافر سے رابطہ کرکے بتایا کہ ان کا گمشدہ فون مل گیا ہے اور ایک سال تک آئس لینڈ کے سخت موسم کو جھیل کر کام کررہا ہے۔

حیران کن طور پر فون گرنے سے بس ایک فیچر متاثر ہوا اور وہ فون کرتے ہوئے آواز دوسری جانب نہ جانا تھا۔

مگر یہ فون اتنی بلندی سے گر کر بھی محفوظ کیسے رہا؟ اس کی وضاحت فوٹوگرافر نے ان الفاظ میں کی 'خوش قسمتی سے یہ فون کائی کے ٹکڑے پر گر گیا تھا، اس علاقے میں کائی کافی موٹی ہوتی ہے جن کی موٹائی 30 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے، یہ وہ بنیادی وجہ ہے جس کی وجہ سے میرے خیال میں یہ فون گر کر بھی محفوظ رہا'۔

 

install suchtv android app on google app store