سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 نمایش کے لیے تیار

گلیکسی نوٹ 10 فائل فوٹو گلیکسی نوٹ 10

سام سنگ نے اپنا فلیگ شپ فون 7 اگست کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایک رپورٹ میں یہ بات پہلے ہی سامنے آگئی تھی کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ 10 کو 7 اگست کو نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران پیش کیا جائے گا اور اب سام سنگ نے اس کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

سام سنگ نے یہ تو نہیں کہا کہ سات اگست کو نیا گلیکسی نوٹ فون پیش کیا جائے گا، مگر دعوت نامے کے لیے جو تصویر استعمال کی ہے وہ اسی ڈیوائس کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

اس تصویر میں ایک اسٹائلوس موجود ہے جبکہ سفید پس منظر میں ایک کیمرا لینس دیکھا جاسکتا ہے۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ گلیکسی نوٹ سیریز کی خاص بات اس کا اسٹائلوس یا ایس پین ہی ہوتا ہے اور گلیکسی نوٹ 10 کے بارے میں یہ افواہ سامنے آچکی ہے کہ اس بار ایس پین میں بھی کمپنی کی جانب سے کیمرا دیا جارہا ہے۔

یہ افواہیں بھی سامنے آئی ہیں کہ یہ فون پہلی بار 2 مختلف ورژن میں متعارف ہوگا جن میں سے ایک ماڈل میں بیک پر 4 کیمرے ہوسکتے ہیں۔

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں اوپری اور نچلے بیزل کو لگ بھگ ختم کردیا گیا ہے جبکہ پنچ ہول کیمرا سائیڈ کی بجائے اسکرین کے اوپر سینٹر میں دیاج ائے گا۔

مختلف افواہوں کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 کا ایک ماڈل 6.75 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ دوسرے ورژن میں 6.3 انچ ڈسپلے دیا جائے گا۔

اس سے قبل مختلف لیکس میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 میں 45 واٹ چارجنگ اسپیڈ دیئے جانے کا امکان ہے جو کہ پہلی بار جنوبی کورین کمپنی کے کسی فون میں دی جائے گی۔

ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ گلیکسی نوٹ پلس میں سپر امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ایکسینوس 9828 پراسیسر یا اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا جائے گا۔

اس فون میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم ہوگا مگر اسے بعد میں اینڈرائیڈ کیو سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store