سام سنگ اسمارٹ فونز اب جدید اور منفرد ٹیکنالوجی سے لیس ہو گا

سام سنگ اسمارٹ فونز فائل فوٹو سام سنگ اسمارٹ فونز

سام سنگ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے جس کا مقابلہ ایپل، ہواوے اور دیگر کمپنیوں سے ہے۔

اور یہی وجہ ہے کہ جنوبی کورین کمپنی نے دیگر کمپنیوں کو مزید پیچھے چھوڑنے کے لیے ایک نئی ٹیکنالوجی اپنے اسمارٹ فونز کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت ایپل کے آئی فون ایکس ایس (10 ایس) میں او ایل ای ڈی ڈسپلے جبکہ سام سنگ کے گلیکسی ایس 10 میں ڈائنامک امولیڈ ڈسپلے استعمال ہورہا ہے۔

مگر سام سنگ اب ایسا فون تیار کرنا چاہتی ہے جس کے فرنٹ پر اسکرین ہی ہو معمولی بیزل بھی کٹ آﺅٹس کی شکل میں موجود نہ ہو اور ایسا سیلفی کیمرے کی موجودگی میں ممکن نظر نہیں آتا۔

تو اب سام سنگ نے اس کا حل تلاش کرلیا ہے اور وہ دنیا کا حقیقی معنوں میں بیزل لیس فون متعارف کرانے کا خواب دیکھ رہی ہے۔

گلیکسی ایس 10 میں اس کمپنی نے پہلی بار فنگرپرنٹ سنسر کو اسکرین کے اندر دیا ہے اور اب سام سنگ نے بتایا ہے کہ وہ مستقبل کے فونز میں سیلفی کیمرے کو بھی اسکرین کے اندر نصب کرنے پر کام کررہی ہے۔

سام سنگ کے نائب صدر یانگ بیونگ ڈک نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایس 10 کا انفٹنی او ڈسپلے اسمارٹ فونز ڈسپلے میں ایک نمایاں پیشرفت ہے مگر کمپنی فل اسکرین ڈسپلے والا فون چاہتی ہے جس میں کوئی کٹ آﺅٹ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سے 2 سال میں ایسا ممکن تو نظر نہیں آتا مگر ٹیکنالوجی جیسے آگے بڑھ رہی ہے اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ جلد کیمرا ہول اسکرین میں غائب ہوجائے گا جبکہ کیمرے کا فنکشن بھی متاثر نہیں ہوگا۔

اگر سام سنگ کیمرے کو ڈسپلے کے اندر نصب کرنے کا طریقہ ڈھونڈ لیتی ہے تو یہ ایک بڑی پیشرفت ہوگی اور وہ آئی فون یا ہواوے کے مقابلے میں نمایاں برتری حاصل کرلے گی۔

آل اسکرین ڈسپلے جس میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر ہوگا، اس بارے میں کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ بہت جلد ممکن نہیں ہوگا مگر سام سنگ اس حوالے سے پیشرفت چاہتی ہے۔

سام سنگ ڈسپلے کو اسپیکر میں بھی بدلنے کی خواہشمند ہے جیسا ایل جی نے اپنے نئے فلیگ شپ فون جی 8 میں کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store