سام سنگ کا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 پاکستان میں متعارف

گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس فوٹو بشکریہ سام سنگ گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس

سام سنگ نے رواں سال کے پہلے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 کے 2 ماڈلز کو پاکستان میں متعارف کرا دیا۔ سام سنگ نے یہ فون 20 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران پیش کیے تھے۔

پاکستان میں کمپنی کی جانب سے گلیکسی ایس 10 اور گلیکسی ایس 10 پلس کو متعارف کرایا گیا ہے تاہم اس سیریز کے سستے فون گلیکسی ایس 10 ای کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا۔ یہ فونز گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں کچھ بڑے ہیں، گلیکسی ایس 10 میں 6.1 انچ ڈسپلے، 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ اور ایک سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

گلیکسی ایس 10 پلس میں 6.4 انچ ڈسپلے ہول پنچ ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے، یہ دونوں فون گزشتہ سال کے گلیکسی ایس 9 کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ اور ڈسٹ پروف ہے۔

گلیکسی ایس 10 میں 3400 ایم اے ایچ جبکہ گلیکسی ایس 10 پلس میں 4100 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے ، جو کہ کسی بھی گلیکسی ایس فون میں اب تک کی سب سے طاقتور بیٹری ہے۔

دونوں فونز میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے، جن میں سے ایک 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل لینس ہے، دوسرا 12 میگا پکسل وائیڈ اینگل جبکہ تیسرا 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا ہے۔

دونوں میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی موجود ہے بلکہ اس سے دیگر ڈیوائسز کو بھی وائرلیس چارج کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ گلیکسی ایس 10 سیریز اس کے اب تک کے بہترین فلیگ شپ فونز ہیں اور اب اس کے 2 ماڈل پاکستان میں بھی آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیئے گئے ہیں۔

گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس کے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ورژن فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔

ایس 10 کی قیمت ایک لاکھ 64 ہزار 999 روپے جبکہ ایس 10 پلس کی ایک لاکھ 79 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔ دونوں میں سے کسی بھی فون کو خریدنے پر 10000 ایم اے ایچ بیٹری پیک اور ایک وائرلیس چارجر مفت دیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store