کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر، سافٹ ویئر سے ہو گئی آسان

کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر کو آسان بنانے کے لیے امریکی کمپنی نے جدید سافٹ ویئر متعارف کرایا ہے فائل فوٹو کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر کو آسان بنانے کے لیے امریکی کمپنی نے جدید سافٹ ویئر متعارف کرایا ہے

پاکستان میں کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے امریکی کمپنی نے جدید سافٹ ویئر متعارف کرا دیا ہے۔

امریکی کمپنی اسٹرلنگ انجینئرنگ گروپ آف کمپنی کی فرنچائز اسٹرلنگ پی ٹی کثیر منزلہ عمارتوں کی پوسٹ ٹینشننگ ڈیزائننگ کی سہولت فراہم کرتی ہے، کمپنی نے 2009 میں کراچی میں اپنا دفتر قائم کیا اور بلند عمارتوں کی تعمیر میں معاون جدید سافٹ ویئر کی خدمات فراہم کرنا شروع کیں جس سے تعمیراتی لاگت میں کمی کے ساتھ معیار کی بہتری کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، ساتھ ہی وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔

امریکی کمپنی کو پاکستان تک لانے میں اسٹرلنگ پی ٹی کے سی ای او ناصر الیاس نے فعال کردار ادا کیا، پاکستان میں تعمیر ہونے والی بیشتر کثیر منزلہ عمارتوں کی ڈیزائننگ امریکا میں کی گئی تاہم اب کمپنی نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی تعمیرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سافٹ ویئر کو پاکستان کی سطح پر عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلیے پہلی تربیتی ورکشاپ 22 اور 23 فروری کو ریجنٹ پلازہ ہوٹل کراچی میں منعقد ہوگی۔

ناصر الیاس کے مطابق ورکشاپ کا مقصد اس ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر عام کرنا ہے تاکہ ڈیزائننگ کے اس سافٹ ویئر کو مقامی انجینئرز کیلیے پیش کیا جا سکے، سافٹ ویئر کو مقامی سطح پر استعمال کر کے نہ صرف تعمیرات کی صنعت اور انجینئرنگ کے شعبے میں مہارت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی سطح پر ڈیزائننگ سے زرمبادلہ کی بھی بچت ہو گی، ورکشاپ پاکستان میں تعمیراتی صنعت کیلیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی، ورکشاپ کا انعقاد ایسوسی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز پاکستان کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store