ایل جی کے فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ فون کی پہلی جھلک

ایل جی کے فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ فون فائل فوٹو ایل جی کے فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ فون

5 جی ٹیکنالوجی ابھی دنیا بھر میں دستیاب نہیں مگر اس پر کام کرنے والے اسمارٹ فونز اب بہت جلد دستیاب ہوں گے۔

ون پلس اور سام سنگ کی جانب سے 5 جی اسمارٹ فونز رواں سال کسی وقت متعارف کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے مگر جنوبی کورین کمپنی ایل جی نے تو پہلا 5 جی فون تیار بھی کرلیا۔

ایل جی کے فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس پہلے فون وی 50 تھن کیو کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔

اسمارٹ فونز کی تصاویر لیک کرنے کے لیے مشہور ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے ایل جی وی 50 کی تصویر پوسٹ کی۔

وی 40 تھن کیو کا اپ ڈیٹ ورژن موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران 24 فروری کو متعارف کرایا جائے گا جو کہ ان چند اولین فونز میں سے ایک ہوگا جو تیز ترین فائیو جی وائرلیس نیٹ ورک سے کنکٹ ہوسکیں گے۔

اس لیک تصویر سے فون کے بارے میں بھی کافی اندازے لگائے جاسکتے ہیں۔

فون کے بیک اور فرنٹ اسکرین پر زرد 5 جی لوگو سے ہٹ کر بھی معلوم ہوتا ہے کہ اس میں 3 رئیر کیمروں کا سیٹ اپ دیا جارہا ہے۔

گزشتہ سال کے وی 40 تھن کیو کو ذہن میں رکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ریگولر وائیڈ اینگل لینس، دوسرا ٹیلی فوٹو لینس اور تیسرا الٹرا وائیڈ لینس ہوگا۔

فون کے فرنٹ پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ ہے جو کہ ممکنہ طور پر 8 میگا پکسل اور 5 میگاپکسل سیلفی کیمروں پر مشتمل ہوگا۔

فون کے بیک پر موجود فنگرپرنٹ ریڈر سے عندیہ ملتا ہے کہ ایل جی نے اس ڈیوائس میں اسکرین کے اندر فنگرپرنٹ سنسر نصب نہیں کیا۔

ویوی پہلی کمپنی ہے جس نے ان ڈسپلے فنگرپرنٹ سنسر سے لیس فون متعارف کرایا تھا جبکہ ون پلس اور ہواوے بھی ایسا کرچکے ہیں، سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس 10 سیریز میں یہ فیچر پیش کیا جائے گا۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق وی 50 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی جو کہ گزشتہ سال کے ماڈل سے 21 فیصد زیادہ بڑی ہوگی۔

ایل جی کی جانب سے وی 50 کے ساتھ ساتھ جی 8 اور دیگر ڈیوائسز موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع متعارف کرائی جائیں گی۔

install suchtv android app on google app store