جدید ٹیکنالوجی سے لیس گلیکسی ایس e10 اب ہر کسی کی پہنچ میں

گلیکسی ایس e10 فائل فوٹو گلیکسی ایس e10

سام سنگ کی جانب سے 20 فروری کو گلیکسی ایس 10 سیریز کے 3 اسمارٹ فونز متعارف کرائے جارہے ہیں تاکہ گزشتہ سال پیش کیے جانے والے تین آئی فونز کا مقابلہ کیا جاسکے۔

ان میں سے ایک گلیکسی ایس 10 ای (یہ نام مختلف لیکس کے مطابق مصدقہ ہے)، دوسرا گلیکسی ایس 10 اور تیسرا گلیکسی ایس 10 پلس ہے۔

ان تینوں فونز میں ہارڈوئیر تو ایک جیسا ہوگا مگر سستا ماڈل یعنی ایس 10 ای میں ڈیزائن، فنگر پرنٹ سنسر ٹیکنالوجی اور کیمرا سسٹم دیگر 2 فونز کے مقابلے میں کچھ کم خوبیوں کا مالک ہوگا۔

چند دن قبل ایس 10 کی پہلی مکمل تصویر بھی سامنے آئی تھی مگر اب مزید لیکس سے اس کے باقی ماندہ رازوں کو بھی فاش کردیا گیا ہے۔

سلیش لیکس نے گلیکسی ایس 10 ای کی حقیقی تصاویر کو لیک کیا ہے جس میں یہ فون آن ہورہا ہے اور اس کا نام بھی لکھا نظر آرہا ہے۔

ایک اور تصویر سے فون کے فلیٹ اسکرین ڈیزائن کا انکشاف ہوتا ہے جبکہ سنگل سیلفی کیمرا یا انفٹنی او ڈسپلے نظر آتا ہے۔

اس فون میں فنگرپرنٹ سنسر ایس 10 اور ایس 10 پلس کی طرح اسکرین میں نصب نہیں ہوگا بلکہ یہ سائیڈ میں دیا جائے گا جو کہ پاور بٹن کا بھی کام کرے گا۔

گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس میں الٹراساﺅنڈ ان ڈسپلے فنگرپرنٹ سنسر دیا جائے گا اور یہ ٹیکنالوجی اس وقت کسی اور فون میں دستیاب نہیں۔

گلیکسی ایس 10 ای سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جبکہ اس کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جبکہ دیگر دونوں ماڈلز میں بیک پر 3، تین کیمرے دیئے جائیں گے۔

ایس 10 ای دیگر ماڈلز کے مقابلے میں سستا ہوگا مگر کتنا سستا، یہ تو فون سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا۔

واضح رہے کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس 10 سیریز کے فونز 20 فروری کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔

install suchtv android app on google app store