سام سنگ کا نیا گلیکسی فون ایک نہیں 3 اسکرینوں کے ساتھ؟

سام سنگ کا نیا گلیکسی فون فائل فوٹو سام سنگ کا نیا گلیکسی فون

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر سام سنگ کا رواں سال یا اگلے سال کسی وقت متعارف کرایا جانے والا فلیگ شپ فون (جو کاغذ کی طرح مڑ سکے گا)ممکنہ طور پر گلیکسی ایکس ایک کی بجائے 3 اسکرینز کے ساتھ ہوسکتا ہے۔

جی ہاں یہ دعویٰ امریکی جریدے فوربس کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا۔

یقین کرنا واقعی مشکل ہے کہ ایک یا 2 نہیں بلکہ 3 اسکرین یا ایل ای ڈی پینل کسی ایک فون کا حصہ ہوں مگر جب اس ڈیوائس کی مڑی ہوئی تہیں کھولی جائیں گی تو اس کی 3.5 کے 2 ایل ای ڈی پینل مل کر ایک 7 انچ کا ڈسپلے بنائیں گے، یعنی آئی پیڈ منی جتنا بڑا فون بن جائے گا۔

اس فون میں تیسرا ایل ای ڈی پینل اس وقت استعمال ہوگا جب یہ 'فون موڈ' پر ہوگا اور 'ٹیبلیٹ موڈ' پر ڈیوائس میں غائب ہوجائے گا۔

آسان الفاظ میں سام سنگ کا یہ حیران کن فون کسی کتاب کی طرح ہوگا جس پر ورق کی بجائے اسکرین ہوگی جبکہ اس کے اندر بھی 2 اسکرینیں ہوں گی۔

اگر یہ رپورٹ درست ثابت ہوتی ہے تو یہ فون دیگر کمپنیوں کو دنگ کردے گا اور صارفین کو ہوسکتا ہے بہت زیادہ پسند آئے۔

ویسے سام سنگ کے کاغذ کی طرح مڑ جانے والے فون کے حوالے سے افواہیں تو 2011 سے سامنے آرہی ہیں جب اس کمپنی نے ایک ٹرانسپیرنٹ اور فولڈ ایبل ٹیبلیٹ کی کانسیپٹ ویڈیو ریلیز کی تھی۔

مگر رواں سال سام سنگ کے ایک عہدیدار نے موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران کہا تھا کہ کمپنی دنیا کے پہلے فلیگ شپ فولڈ ایبل اسمارٹ فون کو جلد از جلد صارفین کے لیے پیش کرنا چاہتی ہے۔

اب کہا جارہا ہے کہ یہ فون 2018 کے آخر یا اگلے سال کی پہلی ششماہی کے دوران متعارف کرایا جاسکتا ہے، تاہم اس کا فیصلہ تو وقت آنے پر ہی ہوگا۔

خیال رہے کہ سام سنگ ہی واحد کمپنی نہیں جو اس طرح کے فون تیار کرنے کی خواہش مند ہے، کچھ عرصے پہلے ایپل نے بھی ایسا پیٹنٹ جمع کرایا تھا جس میں ایک ایسی ڈیوائس کا ذکر ہے جو لچکدار ڈسپلے کی حامل ہے۔

چینی کمپنی ہیواوے بھی کسی وقت اس طرح کے لچکدار ڈسپلے والے فون کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

install suchtv android app on google app store