آئی فون ایکس کا ڈیزائن مزید 2 اینڈرائیڈ فونز نے چرا لیا

آئی فون ایکس (10) فائل فوٹو آئی فون ایکس (10)

ایپل نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنا ری ڈیزائن آئی فون ایکس (10) متعارف کرایا تھا اور اس کے بعد سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز بنانے والی کمپنیاں مسلسل اس کی نقل کررہی ہیں۔

اور اب ان میں چینی کمپنی اوپو کے نام کا اضافہ بھی ہوگیا ہے۔

اوپو نے چین میں اپنے 2 نئے اسمارٹ فونز آر 15 اور آر 15 ڈریم مررر ایڈیشن (ڈی ایم ای) متعارف کرائے ہیں اور یہ دونوں ہی آئی فون ایکس جیسے نوچ ڈسپلے ڈیزائن کے ساتھ ہیں۔

دیکھنے میں یہ آئی فون ایکس کی ہو بہو نقل ہیں، جس میں ایپل کے فون کی طرح او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے تاہم اس کا حجم ضرور بڑا ہے یعنی 6.28 فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے جو کہ 19:9 ریشو کے ساتھ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی فون ایکس میں 5.8 انچ کا سپر ریٹینا ڈسپلے دیا گیا ہے۔

اسی طرح بیک پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ بھی چینی کمپنی نے ایپل کی ڈیوائس سے مختلف دیا ہے۔

آر 15 میں کمپنی نے میڈیا ٹیک ہیلیو پی 60 کواڈ کور پراسیسر، سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی ہے، جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس کے بیک پر 16 اور 5 میگا پکسل کے کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ سیلفی کے لیے 20 میگا پکسل کیمرہ فرنٹ پر موجود ہے۔

اسی طرح ڈوئل سم سپورٹ کا آپشن، 3450 ایم اے ایچ بیٹری اور اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم کو کمپنی نے اپنے کلر او ایس 5.0 سے امتزاج کرکے پیش کیا ہے۔

دوسری جانب آر 15 ڈریم مررر ایڈیشن میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 660 کواڈ کور پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ ریم اور اسٹوریج آر 15 جتنی ہی ہے، مگر اس کی بیٹری کچھ چھوٹی یعنی 3400 ایم اے ایچ کی ہے۔

اس کے ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ میں 16 اور 20 میگا پکسل سنسر ایف 1.7 آپرچر کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 25 میگا پکسل کیمرہ ایف 2.0 آپرچر کے ساتھ ہے۔

آر 15 کی قیمت 3 ہزار یوآن (52 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ آر 15 ڈی ایم ای کی قیمت 3 ہزار 300 یوآن (57 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ یکم اپریل سے چین میں دستیاب ہوگا، تاہم دیگر ممالک کے حوالے سے کمپنی نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

install suchtv android app on google app store