22 سالہ پرانا فون دوبارہ متعارف کرا دیا گیا

22 سالہ پرانا فون دوبارہ متعارف کرا دیا گیا فائل فوٹو

عالمی موبائل ساز برینڈ نوکیا کا 22 سالہ پرانا فون 8110 کو دوبارہ متعارف کرا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلو سی) کی تقریب میں برسوں پرانا نوکیا فون 8110 کو لانچ کیا گیا ہے۔ یہ ماڈل مشہورسائنس فکشن فلم دی میٹرکس میں بھی استعمال کیا گیا تھا۔

متعارف کرائے جانے والے فون میں نوکیا کا برینڈ تو موجود ہے، البتہ اسے ایچ ایم ڈی گلوبل نامی کمپنی نے مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، جو پرامید ہے کہ فون صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا۔

اس سے قبل اسی کمپنی نے گذشتہ سال موبائل ورلڈ کانگریس میں نوکیا کے ہی ایک اور معروف فون 3310 کو دوبارہ متعارف کرایا تھا، جس کی کامیاب لانچنگ کو دیکھتے ہوئے فون 8110 کو لانچ کیا گیا ہے۔

ایچ ایم ڈی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والا موبائل 8110 جو ایک فیچر فون ہے جس کے آپریٹنگ سسٹم میں متعدد ایپس چلائی جا سکیں گی جس میں گوگل اسسٹنٹ، گوگل میپس اور فیس بک شامل ہیں لیکن اس فون کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس میں سوشل میڈیا کے ایپس ٹوئٹر اور واٹس ایپ نہیں چلایا جا سکے گا۔

اس فون کی خاص بات یہ ہے کہ اسے مظبوط اور خم دار بنایا گیا ہے اور اس کے کی پیڈز پر ایک سلائیڈر بھی ہے اور یہ 4جی انٹرنیٹ کو بھی سپورٹ کرسکے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کمپنی ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے تین دیگر موبائل فونز بھی متعارف کرائے گئے ہیں تاہم فون 8110 کی اس وقت قیمت 97 ڈالر ہے۔

خیال رہے نوکیا عالمی شہرت یافتہ فون ساز کمپنی ہے جو اب تک سینکڑوں جدید اور پائیدار فونز لانچ کر چکی ہے جس کے دنیا بھر میں لاکھوں صارفین موجود ہیں۔

install suchtv android app on google app store