ایپل کے 4 کروڑ گانوں سے منسلک اسمارٹ اسپیکر متعارف

ایپل کے 4 کروڑ گانوں سے منسلک اسمارٹ اسپیکر متعارف فائل فوٹو ایپل کے 4 کروڑ گانوں سے منسلک اسمارٹ اسپیکر متعارف

امریکی کمپنی ’ایپل‘ نے حریف کمپنیوں گوگل اور ایمازون کے اسمارٹ اسپیکر کے ٹکر کے اسپیکر متعارف کرادیے، جو 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد گانوں کی لائبریری سے منسلک ہیں۔

ایپل نے ’ہوم پاڈ‘ اسمارٹ اسپیکرز کو فوری طور پر متعارف کراتے ہوئے انہیں امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا میں آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیا۔

ساتھ ہی کمپنی نے اعلان کردیا کہ ان اسپیکرز کو آئندہ ماہ 9 فروری کو ایپل اسٹورز کی زینت بھی بنایا جائے گا۔

ایپل کے ان اسمارٹ اسپیکرز کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں ماحول دوست ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے، جو کسی بھی گھر یا دفتر کے ماحول کو محسوس کرتے ہوئے خود کو ڈھال لیتے ہیں۔

ان اسپیکرز کو کمرے کی کسی بھی جگہ رکھا جائے تو یہ اسپیکرز کمرے کے ماحول کے مطابق اپنی ٹیون کو تبدیل کرتے ہیں۔

’ہوم پاڈ‘ اسپیکرز ایپل کے ایک اور اسمارٹ آلے سری سے منسلک ہونے کے ساتھ یہ ’ایپل میوزک‘ اور ’ایئر پلے 2‘ جیسی میوزک لائبریری سے بھی انٹرنیٹ کے ذریعے منسلک ہوں گے، اور یوں صارفین ان کے ذریعے دنیا کے ہزاروں گلوکاروں کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد گانوں تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’ہوم پاڈ‘ کم سے کم بجلی خرچ کرنے سمیت انتہائی کم وولٹیج پر بھی چلتے ہیں، جب کہ ان میں نصب ’آئی فون 6‘ کی چِپِ ’اے8‘ انہیں ایکسٹرا اسمارٹ بھی بناتی ہے۔

’اے 8‘ چپ کی وجہ سے یہ اسپیکر گھر میں موجود تمام الیکٹرانک اسمارٹ آلات سے بھی منسلک ہوسکتے ہیں، جب کہ اسی چپ کے باعث ان اسپیکرز سے گرد و نواح کے حالات سے بھی باخبر رہا جاسکتا ہے۔

ان سب چیزوں سے بڑھ کر یہ کہ ان اسپیکرز کو ٹچ کیے بغیر صرف احکامات دیتے ہوئے بھی چلایا جاسکتا ہے، یعنی اگر اسپیکر دور رکھیں ہوں تو صارف انہیں زبانی حکم دے سکتا ہے کہ فلاں گانا چلالو۔

انتہائی ایڈوانس ٹیکنالوجی کے حامل ان اسپیکرز کی ڈیزائن بھی اچھوتی بنائی گئی ہے، جب کہ ان کی قیمت محض 349 امریکی ڈالرز (پاکستانی لگ بھگ 39 ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔

اگرچہ ایپل کے اسپیکرز کی قیمت گوگل اور ایمازون کے اسپیکر سے دگنی ہے، تاہم ان اسپیکرز میں فیچرز بھی زیادہ اور بہترین دیے گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store