عراق میں تیل کے کنویں جلنے سے زہریلی دھاتیں ماحول کا حصہ بن گئیں

عراق میں تیل کے کنویں جلنے سے زہریلی دھاتیں ماحول کا حصہ بن گئیں فائل فوٹو

ماہرینِ ماحولیات نے کہا ہے کہ عراق میں داعش کے ہاتھوں تیل کے کنویں جلانے اور دیگر ماحولیاتی تباہیوں سے ہولناک آلودگی پیدا ہوئی ہے جس کے منفی اثرات برسوں تک موجود رہیں گے۔

کینیا کے دارالحکومت میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کی ایک کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ عراق میں دہشت گرد تنظیم داعش نے سب کچھ جلا کر راکھ کردیا۔ کنویں اور صنعتوں کی تباہی سے عراقی عوام کی صحت اور زندگی پر ایک طویل عرصے تک اثرات مرتب ہوتے رہیں گے۔

برطانوی ویب سائٹ ’’سائنس اینڈ ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک‘‘ میں شائع خبر کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگ ’’ایسے علاقوں میں رہ رہے ہیں جہاں تیل کے کنویں کی آتشزدگی، تیل کے بہنے سے زمین کی تباہی، زیرِ زمین پانی میں زہریلے مرکبات کی منتقلی اور فصلوں تک میں ان کے زہریلے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔‘

نیروبی میں منعقدہ اجلاس میں عراق سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جسے ’سیاہ آسمان تلے رہائش‘ کا نام دیا گیا ہے۔ جون 2014ء سے 2017ء تک داعش کے جنگجوؤں نے ملک کی ہر شے کو تباہ کیا جن میں صنعتیں، زرعی ادارے اور تیل کے کنویں بھی شامل ہیں۔ اس سے وہاں کے لوگوں اور بالخصوص بچوں کو ایک طویل عرصے تک منفی اثرات کا سامنا کرنا ہوگا۔

زہریلی دھاتیں ماحول کا حصہ بن گئیں
ماہرین نے کہا ہے کہ اس ضمن میں فوری طور پر ڈیٹا جمع کرنے اور عوام کی مدد کرنے کی ضرورت ہے جہاں لوگ جنگ کے زہریلے اور مضر اثرات برداشت کر رہے ہیں۔ داعش نے تیل کے مراکز کو آگ لگائی اور اس سے سلفر ڈائی آکسائیڈ، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ، کاربن مونو آکسائیڈ، پولی سائیکلک ایرومیٹک ہائیڈروکاربنز (پی اے ایچ ایس) اور سیسہ سمیت وینیڈیم اور جست جیسی دھاتیں بھی اب ماحول کا حصہ بن چکی ہیں۔

سانس، جگر اور گردے کی بیماریاں پھیل گئیں
اس آلودگی سے سانس کے امراض، جگر اور گردے کے مسائل سمیت کینسر اور دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ان سے کم آمدنی والے خاندان شدید متاثر ہورہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ حیرت انگیز بات بھی کی گئی ہے کہ عراق کے شمال مشرق میں کوہِ ہیمرن میں تیل کے دو کنوؤں کو آگ لگائی گئی جو دوسال تک بھڑکتی رہی۔ اس سے نکلنے والے گاڑھے سیاہ دھوئیں نے سیکڑوں کلومیٹر علاقے کو لپیٹ میں لے لیا اور اس کے کاربن نے وسیع علاقے کو ڈھانپ لیا۔

آگ سے مکانات کی دیواریں سیاہ، لوگوں کی رنگت بدل گئی
اس آگ سے مکانات کی دیواریں سیاہ ہوگئیں اور لوگوں کی رنگت بھی بدلنے لگی۔ اس بنا پر عراقیوں نے اسے ’’آئی ایس آئی ایس وِنٹر‘‘ یعنی ’’داعشی سرما‘‘ کا نام دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف موصل میں ہی 18 سے زائد تیل کے کنویں خاکستر کردیئے گئے تھے۔

install suchtv android app on google app store