سام سنگ کا ڈوئل اسکرین فلپ فون متعارف

سام سنگ کا ڈوئل اسکرین فلپ فون فائل فوٹو سام سنگ کا ڈوئل اسکرین فلپ فون

اسمارٹ فونز تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ ویسے تو آئندہ برس کے لیے کئی منفرد موبائل تیار کرنے میں مصروف ہے، تاہم جنوبی کورین کمپنی نے خاموشی سے ڈوئل اسکرین فلپ موبائل متعارف کرادیا۔

سام سنگ گزشتہ چند سال سے فلپ موبائل کو خاموشی سے ہی متعارف کرتی آ رہی ہے، اس سے قبل رواں برس جون میں بھی خاموشی سے کمپنی نے ایک فلپ فون متعارف کرایا تھا۔

سام سنگ نے اب کے بار ڈوئل اسکرین فلپ فون ’ڈبلیو 2018‘ کو متعارف کرایا، جسے کمپنی کا اب تک کا سب سے مہنگا فلپ فون سمجھا جا رہا ہے۔

ون پوائنٹ اپیرچر کیمرہ اور بکس بی کے حامل ’ڈبلیو 2018‘ کو فوری طورپر صرف چین میں ہی متعارف کرایا گیا ہے، جب کہ اس کی قیمت بھی نہیں بتائی گئی۔

ممکنہ طور پر ’ڈبلیو 2018‘ کی قیمت 1500 سے 3 ہزار امریکی ڈالرز کے درمیان ہوگی، تاہم زیادہ امکان یہی ہے کہ اس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز ہوگی۔

چار اعشاریہ 2 انچ اسکرین کے ڈوئل اسکرین ’ڈبلیو 2018‘ میں 6 جی بی ریم دی گئی ہے، جب کہ اس میں 64 جی بی تک ڈیٹا اسٹور کیا جاسکتا ہے۔

ایلیجنٹ گولڈ اور پلاٹینیم کے کلر میں متعارف کرائے گئے ’ڈبلیو 2018‘ کا وزن سام سنگ کے گلیکسی ایس 8 اور گلیکسی ایس ایٹ پلس سے بھی زیادہ ہے۔

فولڈ ایبل ڈوئل اسکرین کے حامل فلپ ’ڈبلیو 2018‘ میں 12 میگا پکسل اور 5 میگا پکسل کے 2 ریئر کیمرے دیے گئے ہیں، جب کہ اس کی بیٹری 2300 ایم اے ایچ کی ہے۔

’ڈبلیو 2018‘ میں اسنیپ ڈراگن 835 کی چپ دی گئی ہے، جب کہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کا کیمرہ تیزی سے کام کرنے کے اہل ہے۔

خیال رہے کہ سام سنگ نے گزشتہ برس اسی طرح کا موبائل ’ڈبلیو 2017‘ بھی متعارف کرایا تھا۔

رواں برس سام سنگ کے ڈبلیو سیریز کے موبائل کو 10 سال مکمل ہو رہے ہیں، اس لیے خیال کیا جا رہا ہے کہ ’ڈبلیو 2018‘ میں بہترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہوگا۔

اس فون کو چین کے بعد دیگر ممالک میں کب متعارف کرایا جائے گا، اس حوالے سے کمپنی نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

install suchtv android app on google app store