صرف 5 منٹ میں چارج ہونے والی اسفالٹ بیٹریاں

امریکی ماہرین نے بیٹری کی تیاری میں اسفالٹ استعمال کیا ہے امریکی ماہرین نے بیٹری کی تیاری میں اسفالٹ استعمال کیا ہے

امریکی ماہرین نے بیٹری کی تیاری میں اسفالٹ استعمال کیا ہے جو کولتار کی طرح نیم ٹھوس معدن ہے اور پیٹرولیم صنعت سے حاصل ہوتا ہے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق صرف پانچ منٹ چارج ہونے والی بیٹری کا راز اسی شے میں پوشیدہ ہے جس سے سڑکیں بنائی جاتی ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ آج ہرجگہ استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں بہت جلد متروک ہوجائیں گی۔ اسی لیے لیتھیم کے ساتھ دیگر بہت سی اشیا ملا کر ان کی افادیت بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ اب رائس یونیورسٹی کے ماہرین نے لیتھیم بیٹری کے برقیرے (اینوڈ) پر اسفالٹ کا اضافہ کیا ہے جس سے چارجنگ بہت تیز ہوجاتی ہے اور بیٹریاں شارٹ سرکٹ اور دیگر خرابیوں کا شکار نہیں ہوتیں۔

اس بیٹری کی تیاری میں اسفالٹ کے ایک اہم جزو گِلسونائٹ کو گرافین نینورِبن میں ملاکر استعمال کیا گیا۔ اس کے بعد الیکٹروکیمیکل ڈیپوزیشن کے عمل سے لیتھیم دھات کی تہہ چڑھا کر اسے بیٹری کا ایک سرا یعنی اینوڈ بنایا گیا۔ آخر کار اس میں سلفرائزڈ کاربن سے کیتھوڈ یا اگلا سرا بنایا گیا اور بیٹری تیار کرلی گئی۔

اب اس بیٹری کو 500 مرتبہ چارج اور ڈسچارج کیا گیا اور اس میں دیکھا گیا کہ اسفالٹ سے اخذ کردہ کاربن کی بیٹری دیرپا ثابت ہوئیں۔ اس طرح کی بیٹریوں میں توانائی کی گنجائش 1322 واٹ فی کلوگرام اور توانائی کے اخراج/ انجذاب کی گنجائش 943 واٹ فی گھنٹہ فی کلوگرام نوٹ کی گئی۔ اس کے علاوہ کرنٹ کی کثافت (ڈینسٹی) 20 ملی ایمپیئر فی مربع سینٹی میٹر تھی۔

اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انقلابی بیٹری بہت برق رفتاری سے چارج ہوتی ہے اور جدید ترین لیتھیم آئن بیٹریاں اس کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔

بیٹری پر کام کرنے والے ماہرڈاکٹر جیمز ٹور نے کہا، ’ان بیٹریوں کی گنجائش بہت اچھی ہے جو صرف پانچ منٹ میں صفر سے مکمل چارج ہوجاتی ہیں۔ جبکہ روایتی بیٹریوں کو مکمل چارج ہونے میں دو گھنٹے لگتے ہیں۔‘ اسی طرح وقت کے ساتھ ساتھ یہ بیٹریاں ناکارہ یا شارٹ سرکٹ کی شکار نہیں ہوتیں۔

اس طرح اسفالٹ بیٹریاں بہت زیادہ پائیدار اور دیرپا ثابت ہوتی ہیں جبکہ ان کا ڈیزائن بھی بہت آسان اور سادہ ہے۔ اس سے قبل رائس کے ماہرین نے گرافین اور کاربن نینوٹیوبز سے بھی اینوڈ تیار کئے تھے جو لیتھیم سے کئی گنا بہتر ثابت ہوئے۔

ابھی یہ پہلا مرحلہ ہے لیکن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسفالٹ والی بیٹریاں روایتی بیٹریوں سے بہت بہتر ثابت ہوسکتی ہیں جو کسی انقلاب سے کم نہیں۔

install suchtv android app on google app store