یوٹیوب کا بہترین فیچر اب اسمارٹ فونز پر بھی دستیاب

یوٹیوب کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں سب سے بہترین فیچر پلے بیک اسپیڈ کنٹرول کو قرار دیا جاتا ہے اور اب اسمارٹ فونز صارفین بھی اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ جی ہاں گوگل نے آخرکار پلے بیک اسپیڈ آپشن اسمارٹ فونز کے لیے بھی فراہم کردیا ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنانا تھا کہ ویڈیو کی کوالٹی رفتار میں تبدیلی سے متاثر نہ ہو۔

اسمارٹ فونز میں ہارڈ وئیر ڈیسک ٹاپ کے مقابلے میں محدود ہوتا ہے اور اسی لیے یہ کام کافی مشکل تھا کیونکہ تیز رفتاری سے ویڈیوز چلانے سے ان کی آوازیں متاثر ہوسکتی تھیں جبکہ آہستگی سے چلانا بھی ساﺅنڈ کو متاثر کرتا تھا۔

مگر اب اس مسئلے پر قابو پاکر اسے صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

یوٹیوب کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں اس فیچر کے ذریعے ویڈیو کی رفتار کو 0.75x، 0.5x یا 0.25x تک سلو کیا جاسکتا ہے، مگر اسمارٹ فونز میں ویڈیو کی کوالٹی کو مدنظر رکھ کر ہی اسے ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔

ویڈیو کی رفتار میں کمی بیشی سے قطع نظر یہ فیچر اس وقت بھی انتہائی کارآمد ثابت ہوتا ہے جب آپ فوٹیج کی تفصیلات کا باریک بینی سے جائزہ لینا چاہتے ہو۔

یہ فیچر اب بیشتر صارفین کو دستیاب ہے جبکہ ہر ایک تک جلد پہنچ جائے گا۔

ویسے اسے دیکھنے کے لیے ایپ پیج کے مینیو میں جاکر پلے بیک اسپیڈ آپشن کو اوپن کرکے آپ ویڈیوز کی اسپیڈ اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کرسکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store