ایل جی کا سب سے 'بہترین' اسمارٹ فون وی 30

ایل جی فون وی 30 ایل جی فون وی 30

ایل جی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون وی 30 متعارف کرادیا ہے جسے کمپنی کی تاریخ کا سب سے بہترین فون قرار دیا گیا ہے۔ برلن میں سالانہ آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے موقع پر ایل جی کا یہ نیا فون پیش کیا گیا جس کا مقصد ایپل اور سام سنگ کے فلیگ شپ فونز کو سخت ٹکر دینا ہے۔

ایل جی کے مطابق یہ فون صارفین کو اعلیٰ ترین معیاری تجربہ فراہم کرے گا جو کہ گلیکسی نوٹ ایٹ سے کم نہیں ہوگا۔

ایل جی کے مطابق وی 30 فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نیا معیار قائم کرے گا۔

اس فون میں 6 انچ کی اسکرین دی گئی ہے جو کہ پلاسٹک او ایل ای ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہے جس کا ریزولوشن 2880x1440 ہے جبکہ اسکرین ریشو 18:9 ہے۔

کمپنی کے مطابق ڈسپلے ایچ ڈی آر مواد کو سپورٹ کرے گا جبکہ اس میں آل ویز آن موڈ بھی موجود ہے۔

جہاں تک پراسیسر کی بات ہے تو اس میں بھی گلیکسی نوٹ ایٹ کی طرح اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر موجود ہے جبکہ فور جی بی ریم کے ساتھ 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگا، جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 2 ٹی بی تک اضافہ ممکن ہے۔

فون میں 3300 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو کہ مکمل طور پر سیل ہے جبکہ تیز چارجنگ سپورٹ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی اور وائرلیس چارجنگ کے فیچرز دیئے گئے ہیں۔

فون کے بیک پر ڈوئل کیمرے دیئے گئے ہیں جو کہ سابقہ وی 20 کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہیں۔

ڈوئل کیمرے کے لیے ایف 1.6 آپرچر دیا گیا ہے تاکہ ڈائنامک شاٹس لیے جاسکیں جبکہ ایک کیمرہ اپ گریڈ وائیڈ اینگل لینس کے ساتھ ہے۔

اس کے فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق سائن ویڈیو موڈ کے ذریعے صارفین ہائی کوالٹی ویڈیوز ریکارڈ کرسکیں گے۔

اس فون کو آدھے گھنٹے تک ڈیڑھ میٹر پانی میں ڈبو کر بھی رکھا جاسکتا ہے جبکہ آڈیو کوالٹی کو ہائی فائی کواڈ ڈی اے سی اور آٹو ٹیوننگ کے ذریعے پہلے سے بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

یہ فون اکیس ستمبر کو سب سے پہلے جنوبی کوریا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم کمپنی نے اس کی قیمت کا اعلان تاحال نہیں کیا۔

ویسے ایل جی کو گلیکسی نوٹ ایٹ اور بارہ ستمبر کو متوقع آئی فون ایٹ کی شکل میں سخت مقابلے کا ضرور سامنا ہوگا۔

install suchtv android app on google app store