ایپل کا نئے آئی فون 12 ستمبر کو متعارف کرانے کا اعلان

گزشتہ دنوں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ایپل کے نئے آئی فونز (متوقع طور پر تین) 12 ستمبر کو متعارف کرائے جائیں گے اور اب کمپنی نے اس کی تصدیق کردی ہے۔

ایپل کی جانب سے 12 ستمبر کو شیڈول ایونٹ کے لیے دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں جس میں نئے آئی فونز کے ساتھ ساتھ ایپل واچ، ایپل ٹی وی اور آئی او ایس کی اپ ڈیٹس کو متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔

ایسا کہا جارہا ہے کہ ایپل اس ایونٹ میں تین نئے آئی فونز پیش کرے گی۔

جن میں سے ایک بالکل ری ڈیزائن آئی فون ایٹ بھی ہوگا جس میں ایج ٹو ایج او ایل ای ڈی ڈسپلے اور نیا تھری ڈی فیس اسکیننگ کیمرہ دیا جائے گا۔

اس فون یا آئی فون ایٹ (یا جو بھی اس کا نام ہوگا) کی قیمت کے حوالے سے کافی افواہیں سامنے آرہی ہیں تاہم گزشتہ ہفتے نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس کی قیمت 999 ڈالرز (ایک لاکھ پانچ ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے۔

اسی طرح مختلف رپورٹس کے مطابق آئی فون ایٹ ہوم بٹن سے محروم ہوگا جبکہ پہلی بار یہ کمپنی یو ایس بی ٹائپ سی اور وائرلیس چارجنگ کو بھی اپنی ڈیوائس کا حصہ بنائے گی۔

اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ آئی فون ایٹ کے ڈوئل کیمروں کو پہلے سے بہتر بنایا جائے گا تاکہ وہ گلیکسی نوٹ ایٹ کا مقابلہ کرسکے۔

اس سے ہٹ کر بھی ایپل کی جانب سے دو آئی فون ماڈلز ایونٹ میں پیش کیے جائیں گے جو کہ موجود آئی فون سیون اور سیون پلس سے ملتے جلتے یا یوں کہہ لیں کہ ان کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store