آئی فونز کا استعمال کروڑوں افراد کرتے ہیں اور ایپل کی اس ڈیوائس میں متعدد ایسے فیچرز موجود ہیں جن کا علم بیشتر افراد کو نہیں ہوتا۔
عام افراد سے ہٹ کر ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک بھی آئی فونز میں موجود ایک ایسے عام فیچر سے اب تک واقف نہیں تھے جو بہت زیادہ عام استعمال کیا جاتا ہے۔ جی ہاں واقعی وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انکشاف ہوا کہ ٹم کک آئی فون کے ایک بہت عام فیچر سے لاعلم ہیں۔
صحافی بین کوہن نے ٹم کک سے پوچھا تھا کہ آئی فون میں موجود میسجنگ ایپ آئی میسج میں گروپ چیٹس کو انہوں نے کیا نام دے رکھے ہیں۔ صحافی نے ان سے پوچھا تھا کہ 'آپ کے خیال میں کسی گروپ چیٹ کا بہترین نام کیا ہوسکتا ہے؟'
ٹم کک یہ سوال سن کر حیران رہ گئے اور کہا کہ انہوں نے آئی میسج گروپس کا کوئی نام نہیں رکھا ہے۔
درحقیقت انہوں نے صحافی سے پوچھا کہ کیا انہوں نے گروپ چیٹس کا نام رکھا ہوا ہے۔ ٹم کک نے کہا کہ 'بہترین نام؟ میں نے تو کوئی نام نہیں رکھا ہوا، کیا آپ نے نام رکھے ہیں؟ دلچسپ، مجھے بھی ایسا کرنا چاہیے'۔
یعنی ایپل کے چیف ایگزیکٹو کو بھی علم نہیں تھا کہ صارفین آئی میسج گروپ چیٹس کے نام خود رکھ سکتے ہیں۔ اس فیچر کا علم ہونے کے بعد ٹم کک نے بھی اب اسے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
انٹرویو کے بعد ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں ٹم کک نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کالج کے دور کے ساتھیوں کے گروپ کا نام روم میٹس رکھا ہے۔