ایپل نے آئی فون 16 سیریز، ایپل واچ سیریز 10 اور ائیر پوڈز کو متعارف کرا دیا ہے۔ نئے آئی او ایس 18 پر کام کرنے والے نئے آئی فونز کی یہ سیریز آئی فون 16، 16 پلس، 16 پرو اور 16 پرو میکس پر مشتمل ہے۔
ایپل انٹیلی جنس ماڈل کے باعث یہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اس کمپنی کے اولین فونز ہیں۔ مگر اے آئی فیچرز فوری طور پر دستیاب نہیں ہوں گے۔
آئی فون 16 اور 16 پلس
آئی فون 16 میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 16 پلس میں 6.7 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ دونوں میں 2 نئے بٹنوں کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
ایکشن بٹن اور کیمرا کنٹرول بٹن کے ذریعے صارفین کافی کچھ کرسکیں گے۔
مثال کے طور پر کیمرا کنٹرول بٹن سے صارفین کیمرے میں نظر آنے والی اشیا کے بارے میں تفصیلات حاصل کرسکیں گے یعنی یہ گوگل لینس کی طرح کام کرے گا۔
گزشتہ سال کے آئی فون 16 اور 15 پلس میں یہ بٹن موجود نہیں تھے۔ دونوں کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے۔
دونوں کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جن سے 2 ایکس زوم کیا جاسکتا ہے جبکہ دوسرا 12 میگا پکسل کیمرا کیمرا ہے جس میں آٹو فوکس اور میکرو سپورٹ موجود ہے۔
ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ فونز ڈی ایس ایل آر کیمروں جیسی بہترین تصاویر کھینچ سکتے ہیں اور کیمرا کنٹرول بٹن سے تصاویر کھینچنا زیادہ آسان ہو جائے گا۔
فون کے اندر اے 18 چپ موجود ہے اور کمپنی کے مطابق یہ فونز کم پاور استعمال کرتے ہیں۔ دونوں کے لیے اے آئی فیچرز آئندہ ماہ متعارف کرائے جائیں گے۔
کمپنی کے مطابق دونوں فونز میں زیادہ بڑی بیٹری دی گئی ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ بیٹری لائف کا دورانیہ کیا ہے۔
دونوں فونز وائٹ، بلیک، الٹرا میرین (بلیو)، teal اور پنک رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔
آئی فون 16 کی قیمت 799 ڈالرز (2 لاکھ 22 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ آئی فون 16 پلس کی 899 ڈالرز (2 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس
آئی فون 16 پرو 6.3 انچ جبکہ 16 پرو میکس 6.9 انچ کے ڈسپلے سے لیس آئی فونز ہیں۔
درحقیقت آئی فون 16 پرو میکس اس کمپنی کا سب سے بڑے ڈسپلے والا آئی فون ہے۔
ان دونوں کا فریم titanium سے بنا ہے اور یہ بلیک، برائٹ سلور، سلور اور روز گولڈ پنک رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔
دونوں کے اندر اے 18 پرو چپ ہوگی جو اے آئی فیچرز کے لیے کام کرے گی۔
آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔
فونز کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 12 ٹیلی فوٹو کیمرے دیے گئے ہیں۔
دونوں میں 5 ایکس زوم کرنا ممکن ہے جبکہ نیا کیمرا بٹن بھی دیا گیا ہے جن کو تصاویر کھینچنے اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
آئی فون 16 پرو 128 جی بی، 256 جی بی، 512 جی بی اور ایک ٹی بی اسٹوریج والے ورژنز میں دستیاب ہوگا جبکہ 16 پرو میکس میں 256 جی بی، 512 جی بی اور ایک ٹی بی اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق دونوں فونز کی یبیٹری لائف کو بہتر بنایا گیا ہے مگر اس بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
وائرلیس چارجنگ کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔
آئی فون 16 پرو کی قیمت 999 ڈالرز (2 لاکھ 78 ہزار ڈالرز سے زائد) جبکہ آئی فون 16 پرو میکس کی 1199 ڈالرز (3 لاکھ 34 ہزار ڈالرز سے زائد)سے شروع ہوگی۔
یہ چاروں فونز 20 ستمبر سے مختلف ممالک میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔