گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز اور ٹیبلیٹس پر گوگل اسسٹنٹ کو جیمنائی سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اس نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ کے ساتھ گوگل ایسا بہت کچھ کرنا چاہتا ہے جو گوگل اسسٹنٹ کرنے سے قاصر ہے۔ جی ہاں واقعی بہت جلد گوگل کے جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ کو میسجنگ ایپس جیسے واٹس ایپ پر استعمال کرنا ممکن ہو جائے گا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی سیٹنگز میں ایسی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جس کے ذریعے صارفین جیمنائی کو مختلف سروسز جیسے واٹس ایپ، گوگل میسجز اور دیگر کے لیے استعمال کرسکیں گے۔
گوگل میسج ایکسٹینشن کے ذریعے صارفین وائس کمانڈز استعمال کرکے میسجز کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ ریپلائی کرسکیں گے۔ واٹس ایپ ایکسٹینشن میں بھی یہ فیچرز موجود ہوں گے مگر اسے کال کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ جیمنائی نوٹیفکیشنز کو آرگنائز کرنے کا کام کرے گا جبکہ ان کی سمری بھی فراہم کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق گوگل کی خواہش ہے کہ لوگ جیمنائی کو گوگل اسسٹنٹ کی نئی شکل سمجھنے کی بجائے اس پر انحصار کریں۔
واٹس ایپ کو 2 ارب سے زائد افراد دنیا بھر میں استعمال کرتے ہیں تو جیمنائی اے آئی کو اس کا حصہ بنانا قابل فہم ہے۔
کمپنی اسے اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ اکتوبر 2024 میں متعارف کرانے کی خواہشمند ہے۔