انسان کب تک چاند پر بسیرا کر سکے گا؟ ناسا نے بتا دیا

انسان کب تک چاند پر بسیرا کر سکے گا؟ ناسا نے بتا دیا فائل فوٹو انسان کب تک چاند پر بسیرا کر سکے گا؟ ناسا نے بتا دیا

انسان کب تک چاند پر رہائش اختیار کرلے گا اس حوالے سے ناسا کے ایک عہدیدار کا حوصلہ افزا دعویٰ سامنے آیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرٹِمس 1 راکٹ کی لانچ کے بعد ناسا کے عہدے دار کا کہنا ہے کہ اس دہائی کے آخر تک یعنی 2030 تک انسان چاند پر رہ رہے ہوں گے۔

آرٹمس ون کے مشن پر روانہ ہونے پر اورائن پروگرام منیجر ہاورڈ ہُو کا کہنا تھا کہ یہ لانچ انسانی خلائی پرواز کے لیے ایک تاریخی دن تھا۔ یہ طویل مدتی گہری خلاء کی تحقیق کی جانب لیا جانے والا پہلا قدم ہے جو صرف امریکا کے لیے نہیں بلکہ دنیا کے لیے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ناسا کے لیے ایک تاریخی دن ہے لیکن یہ ان تمام لوگوں کے لیے بھی ایک تاریخی دن ہے جو انسانی خلائی پروازوں اور خلا کی گہرائیوں کے متعلق تحقیقات کو پسند کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم واپس چاند پر جا رہے ہیں۔ ہم ایک پائیدار پروگرام پر کام کر رہے ہیں اور یہ وہ سواری ہے جو لوگوں کو دوبارہ چاند پر اتارے گی۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں قائم کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے متعدد ناکام کوششوں کے بعد بالآخر آرٹِمس 1 مشن پر روانہ ہوگیا تھا۔ بغیر عملے کا یہ مشن چاند کے گرد چکر لگا کر مستقبل میں عملے سمیت جانی والی پرواز اور چاند کے مشن کے لیے راہیں ہموار کرے گا۔

آرٹِمس میں ایک اسپیس کرافٹ اورائن لگا ہے جس میں ایک انسانی جسم کا ماڈل رکھا ہوا ہے جس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ اس پرواز سے انسانی جسم پر کیا ممکنہ اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store