کورونا سے خوفزدہ ہوکر تین آسٹریلوی کرکٹرز آئی پی ایل چھوڑ کر وطن روانہ

کورونا سے خوفزدہ ہوکر تین آسٹریلوی کرکٹرز آئی پی ایل چھوڑ کر وطن روانہ فائل فوٹو کورونا سے خوفزدہ ہوکر تین آسٹریلوی کرکٹرز آئی پی ایل چھوڑ کر وطن روانہ

انڈیا میں کورونا کی روز بروز بگڑتی صورت حال نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی انڈیا میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد لیگ چھوڑ کر واپس آسٹریلیا روانہ ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’انہیں امید ہے کہ مزید آسٹریلوی کرکٹرز بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس آجائیں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اینڈریو ٹائی کے بعد مزید دو آسٹریلوی کرکٹرز بھی انڈیا میں کورونا کی ابتر صورت حال کے باعث آئی پی ایل چھوڑ گئے ہیں۔ اس کے بعد منتظمین پر ایونٹ ملتوی کرنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

انڈیا میں روزانہ تین سے ساڑھے تین لاکھ کیسز اور تقریباً تین ہزار ہلاکتوں کے باوجود آئی پی ایل کو جاری رکھنے پر تنقید کی جارہی ہے۔

آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بینگلور نے ٹویٹ کی کہ ’ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن ذاتی وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا واپس لوٹ رہے ہیں اور وہ ایونٹ کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

روئٹرز کے مطابق اینڈریو ٹائی جو آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے، اتوار کو ممبئی سے براستہ دوحہ سڈنی روانہ ہوئے۔

اینڈریو ٹائی کے مطابق وہ آئی پی ایل میں ’ببل لائف کے دباؤ‘ اور آسٹریلیا کی سرحد بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر آئی پی ایل چھوڑ کر آگئے ہیں۔‘

آسٹریلوی ریڈیو ایس ای این سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے سوچا کہ مجھے جلد گھر پہنچ جانا چاہیے اس سے پہلے کہ میں ملک سے باہر بند ہو جاؤں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’میرا خیال ہے کہ گذشتہ سال اگست سے اب تک میں صرف 11 روز اپنے گھر پر اور ببل کی زندگی سے باہر رہا ہوں۔

install suchtv android app on google app store