پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے اہم خبر، آخرکار اسپانسر مل گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم فائل فوٹو پاکستان کرکٹ ٹیم

پاکستان کرکٹ ٹیم کو آخرکار اسپانسر مل ہی گیا جب کہ سابقہ معاہدے سے بہت کم رقم پر ڈیل فائنل ہوگئی۔

انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم بغیر اسپانسر لوگو کے ٹریننگ کر رہی ہے، پی سی بی کا اسپانسر شپ کے حوالے سے ایک مشروب ساز ادارے سے تین سالہ معاہدہ7.5 ملین ڈالر(تقریباًایک ارب 25 کروڑ سے زائد روپے) کا تھا، دیگرچھوٹی اسپانسر شپس ملا کر مجموعی رقم تقریباً ایک ارب 80 کروڑ روپے بنتی تھی، معاہدے حال ہی میں ختم ہوئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے بورڈ کو اس بار اتنی رقم ملنے کی امید نہیں تھی اس لیے ٹینڈر میں ریزرو پرائس ایک ارب روپے رکھی،حیران کن طور پر اس میں زیادہ دلچسپی سامنے نہیں آئی، ماضی میں جو کمپنی حقوق لے کر آگے فروخت کرتی رہی صرف وہی بڈنگ میں شامل ہوئی، اس نے بھی سابقہ معاہدے کی 33 فیصد رقم کی ہی پیشکش کردی۔

بورڈ نے اس پر براہ راست سابقہ اسپانسرسے رابطے کا فیصلہ کیا مگر معاملات مذکورہ کمپنی نے ہی طے کیے،ذرائع کے مطابق ایک سال کی20 کروڑ روپے سے بھی کم رقم ملنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سے گذشتہ برس بورڈ نے معاہدہ کیا تھا جس کے تحت باہمی سیریز میں کھلاڑیوں کے ڈریس پر اس کا لوگو بھی لگا ہوتا ہے، انگلینڈ سے سیریز میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

لوگو اسپانسر شپ سے ایک کھلاڑی کو فی ٹیسٹ ساڑھے 4 لاکھ جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں 2 لاکھ 25 ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ کرکٹ بورڈ آئندہ چند روز میں اسپانسر شپ معاہدے کا اعلان کرے گا۔

 

install suchtv android app on google app store