مزید 3 کھلاڑیوں کا بلاوا آگیا، کرکٹ بورڈ نے عوام کو اہم تفصیلات سے آگاہ کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ فائل فوٹو پاکستان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل مزید تین کھلاڑیوں کو لاہور بلا لیا گیا ہے۔

لاہور بلائے جانے والے کھلاڑیوں میں عمران خان، حیدرعلی اور کاشف بھٹی شامل ہیں۔ لاہور بلائے جانے والے تینوں کھلاڑیوں کا آج کورونا ٹیسٹ ہو گا۔ حیدرعلی اور عمران خان سینئر کا کورونا ٹیسٹ پہلے منفی آیا ہے۔

قومی اسکواڈ میں شامل تینوں کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم میں شامل چھ پاکستانی کرکٹرز گزشتہ روز مانچسٹر پہنچ گئے ہیں۔ مانچسٹر پہنچنے والے کھلاڑی ووسٹر پہنچ کر ٹیم کا حصہ بنیں گے لیکن اس سے قبل ان کے کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

انگلینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین، فخر زمان اور شاداب خان شامل ہیں۔

کورونا ٹیسٹ رپورٹس مثبت آنے کی وجہ سے یہ چھ کھلاڑی دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ انگلینڈ نہیں جا سکے تھے۔

پاکستان اسکواڈ کے 20 کھلاڑیوں اورمنیجمنٹ کے گیارہ اراکین 28 جون کو انگلینڈ پہنچے تھے۔ انگلینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں نے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اپنی تربیت کا آغاز کردیا تھا۔

ووسٹر میں قیام پذیر پاکستانی کرکٹ ٹیم بائیو سیکورماحول میں اپنی تیاریاں کررہی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی تربیت کے لیے باؤلنگ کوچ وقار یونس بھی آسٹریلیا سے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store