قومی کرکٹرز کی انگلینڈ کیخلاف ٹریننگ شروع

3 ماہ بعد قومی کرکٹرز کی میدان میں واپسی، انگلینڈ کیخلاف ٹریننگ شروع فائل فوٹو 3 ماہ بعد قومی کرکٹرز کی میدان میں واپسی، انگلینڈ کیخلاف ٹریننگ شروع

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ووسٹر شائر میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کا آغاز کر دیا، ٹریننگ کے آغاز اور کرکٹ میں واپسی پر کوچز اور کھلاڑیوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اسکواڈ کے 20 کھلاڑی اور منیجمنٹ کے 11 اراکین 28 جون کو انگلینڈ پہنچے تھے۔ بولنگ کوچ وقار یونس، فزیو کلف ڈیکن اور سیریز کی تیاریوں کے لیے بلائے جانے والے اسپنر ظفر گوہر نے انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کیا ۔

‏ ٹریننگ سے قبل اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے اراکین کے کووڈ 19 ٹیسٹ ہوئے جو کہ منفی آئے اور ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ہی ٹریننگ کا آغاز کیا جا سکا۔

‏ پاکستان ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن تین گھنٹے کا تھا۔ سیشن میں فزیکل ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس سے قبل کھلاڑیوں کو احتیاتطی تدابیر کے پروٹوکولز کے حوالے سے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم اور کپتان اظہر علی نے بریفنگ دی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے وورسٹر میں 3،3 گھنٹے کے دو مختلف سیشنز میں ٹریننگ کی۔

صبح اور شامُ کے وقت ہونے والے سیشن میں تمام کرکٹرز نے فیلڈنگ ڈرلز ، بیٹنگ اور بولنگ کی خوب پریکٹس کی۔

بولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بولرز کو خصوصی ٹپس دیں جبکہ یونس خان بیٹسمینوں کے ساتھ اسکلز پر کام کرتے دکھائی دیے۔

‏ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میدان میں واپسی ہوئی ہے، سب کھلاڑی خوش ہیں، امید ہے کہ ووسٹر میں کھلاڑی ٹریننگ کو انجوائے کریں گے۔ تین ماہ سب ٹریننگ سے دور رہے ہیں ، اس لیے سب منتظر ہیں کہ کرکٹ ٹریننگ کریں اور زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہوں۔ مصباح الحق نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ووسٹر میں ٹریننگ سیشنز زبردست رہیں گے۔

‏ ببیٹگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ دوبارہ جڑنے پر اچھا لگ رہا ہے ، ہماری خواہش ہے کہ ہم یہاں اچھا کریں، مجھے نوجوان کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں ہیں ، پوری ٹیم سے امید کرتا ہوں کہ وبا کے دور میں اچھا کھیل پیش کریں۔

‏ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود نے کہا کہ کرکٹ میں واپس آنے پر بہت اچھا لگ رہا ہے، پی ایس ایل میں سب اکٹھا کھیلے تھے ، اب تین ماہ کے بعد کھیل رہے ہیں ، ابھی تو سرگرمیوں کا آغاز ہے خواہش ہے کہ ہمارے لیے یہ ٹور اچھا ہو ۔

ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں، اپنے دوست عماد وسیم کے ساتھ ملک کی طرف سے دوبارہ کھیلنے کے لیے تیار ہوں ڈومیسٹک سے انٹرنیشنل کرکٹ تک عماد وسیم کے ساتھ بہت سی یادیں ہیں عماد وسیم ایک زبردست انسان ہیں۔

پاکستان ٹیم دو اور تین جولائی کو ٹریننگ کرنے کے بعد 4 جولائی کو آرام کرے گی۔ قومی کھلاڑی ووسٹر میں 14 روز کے قرنطینہ کے دوران دو ،دو روزہ انٹرا اسکواڈ وارم اپ میچز کھیلیں گے ۔

پہلا پریکٹس میچ 5 جبکہ دوسرا 11 جولائی سے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم ووسٹر میں پندرہ روز کا قیام کرنے کے بعد 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہو جائے گی جہاں دو چار روزہ انٹرا اسکواڈ میچز کھیلے جائیں گے۔

install suchtv android app on google app store