کورونا سے پی ایس ایل فائیو کو ہوا کتنا نقصان؟ پی سی بی بڑے صدمے سے دوچار

پی ایس ایل فائیو فائل فوٹو پی ایس ایل فائیو

کورونا وائرس سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کو 20 کروڑ روپے کا دھچکا لگ گیا ہے اور اس میں گیٹ منی سے ہونے والا نقصان بھی شامل ہے البتہ صرف پلے آف مرحلہ ملتوی ہونے کے باعث زیادہ نقصان سے بھی بچت ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے ٹیلی کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس عالمی مسئلہ ہے جس کے باعث دنیا بھر میں اسپورٹس مقابلے بند ہو گئے، ہم سے جہاں تک ممکن ہو سکا پی ایس ایل5 کے میچز جاری رکھنے کی کوشش کرتے رہے،ہم جو کچھ کر سکتے تھے وہ کیا اور وفاق، سندھ اور پنجاب حکومتوں کی ایڈوائزری ملنے کے بعد مقابلے خالی میدانوں میں کرانے کا فیصلہ بھی کر لیا۔

وسیم خان نے کہاکہ اس کے بعد پلے آف مرحلے کو تبدیل کرتے ہوئے سیمی فائنلز میں بدل کر فائنل 22 مارچ سے 18 مارچ کو شیڈول کر دیا لیکن چونکہ ہمارے لئے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی حفاظت اولین ترجیح تھی، اس لئے پی ایس ایل کو بالآخر ملتوی کر دیا۔

وسیم خان نے کہا کہ التواءکے باوجود مجموعی طور پر لیگ کے کافی میچز ہو گئے جس کی وجہ سے بہت بڑا مالی خسارہ نہیں ہوا جبکہ کرکٹ کا معیار بھی بہت شاندار رہا، ایک اندازے کے مطابق پی ایس ایل میں ہمیں 20 کروڑ روپے نقصان کا سامنا ہے تاہم مکمل اعداد و شمار بھی 2 ہفتے میں سامنے آ جائیں گے جس کے بعد ہی بتا سکیں گے کہ کس مد میں کیا خسارہ ہوا ہے، بنگلہ دیش سیریز ملتوی ہونے سے بھی 30 سے 40 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوا لیکن اس کے باوجود بورڈ مالی طور پر مستحکم ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ حالات بہتر ہونے کے بعد مستقبل میں کرکٹ گراﺅنڈز اور ڈومیسٹک انفرا اسٹرکچرکو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، پاکستانی متاثرین کورونا کیلئے فنڈ قائم کرنے کے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ وائرس کی وجہ سے چیزیں بہت تیزی سے ہوئیں، ہم ابھی تک اس معاملے پر اکٹھے نہیں بیٹھ سکے، چیئرمین پی سی بی کے ساتھ ملاقات میں جائزہ لیں گے کہ کیا کچھ کر سکتے ہیں، پی سی بی اپنے شائقین کیلئے جو کچھ کر سکا وہ ضرور کرے گا۔

 

install suchtv android app on google app store