کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے بھی آخرکار چپ کا روزہ توڑ دیا، پی سی بی پر برہم

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک 'سخت شیڈول پر پی سی بی پر برہم فائل فوٹو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک 'سخت شیڈول پر پی سی بی پر برہم

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے اپنے سفری شیڈول کو 'غیر منصفانہ' قرار دے دیا,  ان کا ماننا ہے کہ مسلسل سفر کرنے کے شیڈول نے ان کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے۔

 

ندیم عمر کا کہنا تھا کہ 'ہم زیادہ تر اپنا وقت سفر میں گزار رہے ہیں جبکہ دیگر ٹیموں کو کھیلوں کے درمیان آرام کا وقت ملتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'بار بار سفر کرنے، آرام مکمل نہ ہونے اور پریکٹس کے مواقع کم ہونے کا اثر ہماری ٹیم کی کارکردگی پر پڑرہا ہے جو کراچی میں پہلے مرحلے میں بہت بہتر تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارا کوئی ہوم گراؤنڈ نہیں یہ ٹھیک ہے مگر عارضی ہوم گراؤنڈ ہمارے لیے مختص کیا جاسکتا ہے تاکہ ٹیم میزبان شہر کراچی، لاہور، ملتان یا راولپنڈی میں تھوڑے زیادہ عرصے کے لیے رک سکے۔

 کوئٹہ نے کراچی میں اپنے ابتدائی 3 میچز میں سے 2 میں فتح حاصل کی تھی تاہم راولپنڈی میں اپنا پہلا کھیل جیتنے کے 6 روز کے اندر راولپنڈی واپس آنے سے قبل انہوں نے ملتان اور لاہور میں شکست کا سامنا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ابتدائی طور پر ہمارے منیجر (اعظم خان) نے ہمارے سفر کے حوالے سے معلومات دیں تو مجھے لگا کہ ہر ٹیم کو اس طرح کے شیڈول کا سامنا ہے تاہم ہمیں اس کا بعد میں اندازہ ہوا کہ ہم سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ٹیم ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 10 سے 12 روز میں کئی گھنٹے ایئرپورٹس پر گزارے، فوجی طیاروں پر سفر کیا اور ہمیں صحیح طریقے سے پریکٹس کا موقع تک نہیں ملا'۔

ندیم عمر کا کہنا تھا کہ 'ہمارے مداحوں کا دل ٹوٹا ہوا ہے اور کہا جاتا ہے کہ ہم بہانے کر رہے ہیں تاہم مجھے لگتا ہے کہ ہمارے مداحوں کو حقیقت جاننی چاہیے، ہم اب بھی لڑ رہے ہیں اور آپ کی دعاؤں کی ہمیں ضرورت ہے، گلیڈی ایٹرز آپ کے تعاون سے دوبارہ اٹھیں گے'۔

یاد رہے دفاعی چیمپیئنز نے ٹورنامنٹ میں 8 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف 3 میں فتح حاصل کی ہے، جس کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سب سے نیچے ہے اور پلے آف مرحلے تک پہنچنے کے لیے اسے مشکلات کا سامنا ہے۔

 

 

 

install suchtv android app on google app store