پاکستانی شہریت: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا جذباتی بیان جاری

ڈیرن سیمی فائل فوٹو ڈیرن سیمی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین سے تعلق رکھنے والے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی شہریت ملنا اعزاز کی بات ہے۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں سیمی نے کہا کہ انہیں پاکستان سے محبت کیلئے یہاں کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، اچھی بات ہے کہ ان کے کام کا اعتراف کیا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں آج کرکٹ کی جو واپسی ہوئی ہے اس میں ہر اس کرکٹر کا کردار ہے جس نے پچھلے تین سال کے دوران پاکستان کا دورہ کیا۔ سیمی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کیلئے جو کچھ کیا وہ ان کی یہاں کے عوام سے لگاؤ اور یہاں سے ملنے والی محبت کا نتیجہ تھا۔ خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈیرن سیمی کو صدر مملکت 23 مارچ کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز دیں گے۔ یہ فیصلہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیرن سیمی پاکستان آنے پر راضی ہونے والے ابتدائی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے دنیا میں پاکستان کو کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک قرار دینے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈیرن سیمی کی پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کی درخواست صدر مملکت کی ٹیبل پر موجود ہے اور احسان مانی سے درخواست کی تھی کہ وہ صدر مملکت سے اس کی منظوری کی سفارش کریں۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ سیمی پاکستان میں سب سے مقبول غیر ملکی ہیں اور ان کی پاکستان کیلئے خدمات قابل قدر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمی نے یہ سب کچھ کسی ذاتی مفاد کیلئے نہیں کیا بلکہ ان کی پاکستان سے محبت خالص ہے، اس فیصلے سے ہر کسی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

install suchtv android app on google app store