کرکٹ میں ایک اور خطرہ

کرکٹ میں ایک اور خطرہ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں سابق کپتان ثناء میر کو ڈراپ کرنا ٹیم کے انتخابِ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔

پاکستانی معاشرے میں خواتین کے ساتھ نا انصافی پر پیش آنے والے واقعات پر آئے روز خبریں منظر عام پر آتی رہتی ہیں،

اخبارات میں ایسی خبروں کو شہ سُرخیوں میں جگہ ملتی ہے، نیوز ہیڈ لائنز میں ایسی خبروں کو پیش کیا جاتا ہے، پھر چند روز بعد ان خبروں کی جگہ دوسری خبروں کو مل جاتی ہے۔

خواتین کے معاملات میں نا انصافی کی فہرست میں حالیہ اضافہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی 20 کے لئے سامنے آنے والی ٹیم ہے، جس کے انتخاب میں کئی ایسی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جو سلیکشن کے تقاضوں پر شائد پورا ہی اترتی ہوں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ خواتین ٹیم کی سلیکشن کرنے والی کوئی اور نہیں پاکستان خواتین ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز ہیں جن کے ساتھ سلیکشن میں معاونت دو ایسی خواتین کر رہی ہیں جو ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں جن میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال ہیں شامل ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کئے گئے 15رکنی اسکواڈ میں 34سال کی سابق کپتان ثناء میر کو ڈراپ کرنا حیران کن امر ہے،

ماضی میں پاکستان کے لئے 6 ٹی 20ورلڈ کپ کھیلنے والی ثناء میر کی حالیہ کارکردگی کو بنیاد بنا کر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں 4 وکٹ کی پرفارمنس پر سابق کپتان کو ڈراپ تو کیا گیا، البتہ دوسری جانب حال ہی میں سڈنی تھنڈر کے لئے بگ بیش کھیلنے والی دائیں ہاتھ کی اسپنر ندا ڈار اسی ٹرائنگو لر ٹورنامنٹ میں 44.50کی اوسط سے 2 وکٹ لے کر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔

دوسری جانب ڈومیسٹک ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں 4وکٹ لینے والی فاسٹ بولر ایمن انور کا انتخاب بھی حیران کن ہے۔

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے ایمن انور کو فروری 2019ء میں ویسٹ انڈیز کے مقابلے پر تین ٹی 20میں 2وکٹ لینے پر ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا، پھر 15سال کی عائشہ نسیم کو 5 میچ کھیل کر 64 رنز بنانے پر ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں لے جانا سمجھ سے باہر ہے۔

ایک جانب عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے واجبی سی پرفارمنس پر کئی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کر لیا اور دوسری طرف ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں چند عمدہ پرفارمنس پر کئی کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔

ایسی ہی کھلاڑیوں میں ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں بلاسٹر کی قیادت کرنے والی رامین شمیم ہیں، جو 19.33کی اوسط سے 6 وکٹ لے کر منتخب نہ ہو سکیں ، 18سال کی فاطمہ ثناء 20.67کی اوسط سے 6 وکٹ لے کر اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکیں ۔

یاد رہے کہ 21سے 8 مارچ 2020ء تک آسڑیلیا میں کھیلے جانے والے ٹی 20ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیم 31جنوری کو آسڑیلیا روانہ ہورہی ہے،جہاں وہ ویسٹ انڈیز کیساتھ ورام اپ مقابلوں میں حصہ لے گی۔

ویمنز ورلڈ کپ میں بسمہ معروف کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم گروپ بی میں 26 فروری کو ویسٹ انڈیز، 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقا اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے ساتھ مقابلہ کر ے گی۔

install suchtv android app on google app store