ٹیم خطرے کے قریب، بچانے کی کوشش جاری

ٹیم خطرے کے قریب، بچانے کی کوشش جاری فائل فوٹو

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں پاکستان کو عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے جہاں سیریز میں ایک بھی شکست کی صورت میں قومی ٹیم عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو جائے گی۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت ٹی 20 کی عالمی درجہ بندی میں 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے لیکن مسلسل شکستوں کے سبب پاکستان کی پہلی پوزیشن اب خطرے میں پڑ گئی ہے۔

پاکستان کی ٹیم گزشتہ سال ایک بھی ٹی 20 سیریز جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی جس کے نتیجے میں عالمی نمبر ایک پاکستان اور دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق رہ گیا

اس وقت عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے اور پاکستان کی ٹیم اگر بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ایک بھی میچ ہاری تو آسٹریلین ٹیم کوئی میچ کھیلے بغیر ہی عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔

پاکستان کو اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ہر حال میں کلین سوئپ کرنا ہو گا اور کلین سوئپ نہ کرنے کی صورت میں قومی ٹیم دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔

ادھر پی سی بی کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں تبدیلی ہوئی ہے اور اب مہمان ٹیم وقت کی کمی کے سبب کل رات10 بجے خصوصی طیارے سے لاہور پہنچے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی 23 جنوری کو ہو گی جس کے بعد 24 جنوری کو پاکستان اور بنگلہ دیش لاہور قذافی اسٹیڈیم میں پہلے ٹی20 میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

install suchtv android app on google app store