بھارتی ٹیکسی ڈرائیور نے ڈنر کی ایسی کیا وجہ بتادی؟ کہ بھارت میں ہلچل مچ گئی

بھارتی ٹیکسی ڈرائیور فائل فوٹو بھارتی ٹیکسی ڈرائیور

پاکستانی کرکٹرز سے کرایہ وصول کرنے سے انکار کے بعد کھانے کی دعوت قبل کرنے والے بھارتی ٹیکسی ڈرائیور نے انکشاف کیا ہے پہلے وہ انکار کر کے چلے گئے تھے اور پھر اپنے بھائی کو فون کیا تو انہوں نے کہا کہ آپ کو ان کیساتھ ڈنر کرنا چاہئے تھا۔

بھارتی ٹیکسی ڈرائیور نے بتایا کہ شاہین آفریدی میرے پاس آئے اور کہا کہ ہمیں یہاں کے بارے میں معلوم نہیں ہے، آپ ہمیں کسی بھارتی ریسٹورنٹ پر لے جائیں، ان کے ساتھ یاسر شاہ، محمد موسیٰ اور نسیم شاہ بھی تھے۔ جب ہم ریسٹورنٹ پہنچے تو انہوں نے کرائے کا پوچھا جس پر میں نے کہا کہ یہ ٹیکسی پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کیلئے مفت ہے اور آپ تو ویسے بھی خاص مہمان ہیں جو اپنے ملک کیلئے کھیلتے ہیں۔

یہ آپ کیلئے اعزاز کی بات ہے جبکہ میرا اعزاز یہ ہے کہ میں آپ کو یہاں تک لے کر آیا ہوں۔ انہوں نے بہت زور دیا کہ میں کرایہ لے لوں مگر میرے انکار پر انہوں نے کھانے کی دعوت دیدی مگر میں نے اس سے بھی انکار کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ریسٹورنٹ کے عملے کو کرکٹرز کے بارے میں بتایا اور تاکید کی کہ ان کی مہمان نوازی کریں جبکہ وہاں پہلے سے ہی تین سے چار اور کرکٹرز بھی موجود تھے، میں وہاں سے چلا گیا اور اپنے بڑے بھائی کو فون کیا جنہوں نے کہا کہ تمہیں کرکٹرز کیساتھ ڈنر کرنا چاہئے تھا، اگر وہ کرکٹرز نہ بھی ہوتے تو بھی تمہیں ان کیساتھ بیٹھنا چاہئے تھا کیونکہ وہ بہت مہمان نواز ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ کچھ روز قبل ہی وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کرتار پور راہداری کھولی ہے۔

بھائی کی بات سن کر میں دوبارہ ہوٹل میں چلا گیا اور کہا کہ آپ کا ڈنر میری طرف سے ہے جس پر انہوں نے انکار کیا اور مجھے اپنے ساتھ بٹھا لیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے مجھے پاکستان آنے کا بھی پوچھا جبکہ میں نے وہاں سبزی اور نان کھایا، کھانے سے فراغت کے بعد میرے بھائی بھی وہاں پہنچ گئے اور پھر ہم نے سیلفیاں اور تصاویر بنوائیں۔

 

install suchtv android app on google app store