محمد رضوان کو نوبال پر کیسے آؤٹ دیا گیا؟ کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی

محمد رضوان کو نوبال پر آؤٹ دیا گیا فائل فوٹو محمد رضوان کو نوبال پر آؤٹ دیا گیا

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے باز محمد رضوان کو نوبال پر متنازع انداز میں آؤٹ قرار دیے جانے پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں عمدہ آغاز کے بعد 94رنز پر 5 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی۔

اس موقع پر اسد شفیق کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔

رضوان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 37رنز کی اننگز کھیلی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یہ دونوں بلے باز قومی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلا دیں گے لیکن اس موقع پر رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہو گئے۔

محمد رضوان آسٹریلین فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز کی وکٹوں سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں کے عقب میں کیچ ہو گئے۔

اس موقع پر امپائرز نے نوبال چیک کرنے کے لیے تھرڈ امپائر سے رجوع کیا اور ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا کیونکہ کمنز کے پیر مقررہ حد سے متجاوز تھا اور پیر کا کچھ بھی حصہ لائن کے پیچھے نہ تھا۔

اصولی طور پر یہ گیند نوبال تھی لیکن میدان میں موجود تمام ہی افراد کی اس وقت حیرت کی انتہا نہ رہی جب امپائر نے اس کو نوبال قرار نہیں دیا۔

کرکٹ میں عموماً شک کا فائدہ بلے باز کو دیا جاتا ہے آئی سی سی نے لائن کی نوبال کے معاملے میں شک کی صورت میں امپائرز کو باؤلر کے حق میں فیصلہ دینے کا اختیار دے رکھا ہے اور شاید اسی وجہ سے اماپئر مائیکل گف نے پیٹ کمنز کے حق میں فیصلہ دیا۔

خود کمنز بھی اس نوبال کے حوالے سے مکمل طور پر پراعتماد نہیں تھے اور انہوں نے کہا کہ 100میٹر دور اسکرین پر دیکھ کر یہ جاننا مشکل تھا کہ یہ نوبال ہے نہیں، جب تک امپائر نے آؤٹ قرار دیے جانے کے لیے انگلی نہیں کھڑی کی، اس وقت تک میں بہت نروس تھا۔

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے امپائر کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کرتے ہوئے کہا یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، یہ کہنا مشکل تھا کہ یہ نوبال ہے یا نہیں تاہم اگر شفاف طریقے سے جائزہ لیا جائے تو میرے خیال سے یہ نوبال تھی۔

تاہم کمنٹری باکس میں موجود اکثر سابق آسٹریلین کرکٹرز اس فیصلے پر حیران نظر آئے اور انہوں نے اس فیصلے کو غلط قرار دیا۔

سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے کہا کہ میں نے کئی ری پلے دیکھے لیکن مجھے پیر کا کوئی بھی حصہ لائن کے پیچھے نظر نہیں آیا البتہ میرے ساتھ بیٹھے میک گرا کو لگتا ہے کہ پیر کا ایک ملی میٹر حصہ لائن سے پیچھے تھا لیکن مجھے ایسا کچھ نہیں دکھا۔

سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر جیسن گلیسپی میرے خیال میں یہ ایک غلط فیصلہ تھا، یہ ایک نوبال تھی اور اس گیند کو نوبال قرار دیا جانا چاہیے تھا۔

install suchtv android app on google app store