سری لنکن کرکٹر شیہان جے سوریا نے پاکستان کی 1992 ورلڈ کپ کی شرٹ زیب تن کر کے پاکستان کا شکر یہ کیوں ادا کیا؟ بڑی وجہ سامنے آ گئی

سری لنکن کرکٹر شیہان جے سوریا فائل فوٹو سری لنکن کرکٹر شیہان جے سوریا

سری لنکن کرکٹر شیہان جے سوریا نے ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں شاندار انداز میں میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

10سال قبل مارچ 2009 میں لاہور میں دہشت گرد حملے کا شکار ہونے والی سری لنکن ٹیم نے دورہ پاکستان کے حوالے سے دھمکیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان میں سیریز کا پرامن انداز میں اور کامیابی کے ساتھ انعقاد ہوا جہاں ون ڈے سیریز میں میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی لیکن ٹی 20 سیریز میں سری لنکن ٹیم نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک پاکستان کو کلین سوئپ کر کے سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی تھی۔

دورے کے اختتام پر سری لنکن کرکٹر شیہان جے سوریا نے منفرد انداز اپناتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

جے سوریا نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کی شرٹ زیب تن کر کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں مہمان نوازی، محفوظ ماحول، سخت سیکیورٹی اور سپورٹ پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں دوبارہ پاکستان آنے کے لیے پرامید ہوں اور توقع ہے کہ دیگر ممالک بھی ہمارے نقش قدم پر چلیں گے۔

سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے بھی بہترین مہمان نوازی اور سیکیورٹی کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سپورٹ کرنے پر پاکستانی فینز کا بھی شکر گزار ہوں اور میرا ماننا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

install suchtv android app on google app store