انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیم آف ٹورنامنٹ کے اعلان کے ساتھ پاکستانیوں کو بھی اداس کر دیا

  • اپ ڈیٹ:
ٹیم آف ٹورنامنٹ فائل فوٹو ٹیم آف ٹورنامنٹ

ورلڈ کپ 2019 کے انگلینڈ کی جیت کے ساتھ اختتام کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آ ئی سی سی ) نے ٹیم آف ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا۔

آئی سی سی کی اعلان کردہ ٹیم میں ورلڈکپ فاتح انگلینڈ کے چار، نیوزی لینڈ کے تین، بھارت اور آسٹریلیا کے دو، دو اور بنگلہ دیش کا ایک کھلاڑی شامل ہے جب کہ کوئی بھی پاکستان کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔

آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ان کے ہم وطن لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کی فاتح انگلینڈ کے بین اسٹوکس، جوفراآرچر، جیسن رائے، جو روٹ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور جسپریت بمراہ، آسٹریلیا کے ایلیکس کیری اور مچل اسٹارک اور بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ٹیم آف ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

آئیے ٹیم آف ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کی ورلڈکپ 2019 میں بہترین کارکردگی پر نظر دوہڑاتے ہیں۔

کین ولیمسن(کپتان)

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ورلڈ کپ2019 میں 11 میچز میں 578 رنز اسکور کئے جو کسی بھی کپتان کی جانب سے کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز ہیں اس کے علاوہ ولیمسن پلیئر آف ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔

روہت شرما

دائیں ہاتھ کے بھارتی اوپنر کا ورلڈکپ 2019 شاندار رہا، روہت شرما نے ریکارڈ 5 سنچریاں اسکور کیں ،جو کسی بھی بلے باز کی ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں ہیں ۔ انھوں نے ٹورنامنٹ کے 9 میچز میں 648 رنز بنائے اور حالیہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بنے۔

جیسن روئے

انگلش ٹیم کے جارح مزاج اوپنر نے ورلڈکپ 2019 میں 7 اننگز میں 443 رنز اسکور کئے اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

شکیب الحسن

بنگلادیش کے اسٹار آل راؤنڈر کی حالیہ ورلڈ کپ میں کارکردگی شاندار رہی، شکیب الحسن نے 8 میچز میں 606 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 11 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جو روٹ

انگلش بلے باز جو روٹ نے حالیہ ورلڈ کپ میں 11 میچز میں 556 رنز اسکور کیے اور انگلینڈ کو پہلی بار ورلڈکپ جتوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

بین اسٹوکس

ورلڈکپ میں انگلینڈ کی کامیابی کا جب تذکرہ ہوگا تو بین اسٹوکس کا نام ضرور یاد کیا جائے گا۔ اس کھلاڑی کی فائنل میں شاندار بیٹنگ کو شائقین برسوں یاد رکھیں گے۔ بین اسٹوکس نے حالیہ ورلڈکپ میں 468 رنز اسکور کیے اور فائنل میں 84 رنز کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

مچل اسٹارک

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر گزشتہ ورلڈ کپ کی طرح اس ورلڈ کپ میں بھی چھائے رہے۔ بائیں ہاتھ کے بولر نے اپنی شاندار یارکر سے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ اسٹارک نے اس ٹورنامنٹ میں 27 شکار کیے۔

لوکی فرگوسن

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے ٹرینٹ بولٹ اور ہینری کی موجودگی میں اپنی ٹیم کے لیے اسٹرائیک بولر کا کردار ادا کیا۔ دائیں ہاتھ کے بولر نے حالیہ ورلڈکپ کے 9 میچز میں 21 شکار کیے۔

جوفرا آرچر

انگلینڈ کے فاسٹ بولر انگلینڈ کے ابتدائی اسکواڈ میں بھی شامل نہیں تھے۔ آخری وقت میں ٹیم شامل ہونے والے آرچر نے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا اور ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں ۔

جسپریت بمراہ

بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جو آخری اوورز میں یارکرز اور کم رنز دینے کی وجہ سے مشہور ہیں، حالیہ ورلڈ میں بھی انھوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ بمراہ نے 9 میچز میں 18 وکٹیں حا صل کیں۔

ٹرینٹ بولٹ

نیوزی لیںڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم آف ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بولر نے حالیہ ورلڈ کپ میں 10 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں جس میں آسٹریلیا کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

install suchtv android app on google app store