کس سابق کھلاڑی کی بطور بیٹنگ کوچ ہونے والی ہے انٹری؟؟ نئی تقرریوں کا سلسلہ شروع

پاکستان کرکٹ بورڈ فائل فوٹو پاکستان کرکٹ بورڈ

قومی کرکٹ ٹیم کے عالمی کپ سے اخراج کے بعد پی سی بی حکام کی جانب سے بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گرین شرٹس کی بیٹنگ میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے سابق ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان کی خدمات بطور بیٹنگ کوچ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں جو اس منصب کیلئے فیورٹ امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نئے کوچنگ سٹاف کی تقرری کیلئے کوششیں شروع کردیں ہیں اور اس بار قرعہ فال پاکستان کے سابق کرکٹرز کے نام نکلنے کا قوی امکان ہے کیونکہ ملکی سطح پر بھی اس بات کا شدت کے ساتھ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غیر ملکی کوچنگ اسٹاف سے گریز کرتے ہوئے ماضی قریب میں قومی ٹیم سے علیحدہ ہونے والے بڑے اسٹارز کی خدمات مستعار لی جائیں۔

اگرچہ یہ تاثر بھی کافی مضبوط ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے بعد بہت زیادہ تبدیلیاں کرنا مناسب نہیں ہوگا اور آئندہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک موجودہ کوچنگ سٹاف کو کام کرنے دیا جائے لیکن تبدیلی کے خواہاں پی سی بی حکام یونس خان کو بیٹنگ کوچ جبکہ ثقلین مشتاق یا مشتاق احمد کو باﺅلنگ کوچ کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی قریب میں یونس خان کو جونیئر ٹیموں کی کوچنگ کیلئے بھی پیشکش کی تھی جس پر ان کے پی سی بی سے معاملات طے نہیں ہو سکے تھے تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ ان کو زیادہ بہتر معاوضے اور مراعات کے علاوہ اختیارات کے ساتھ عہدہ سونپنے کی پیشکش کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store