قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق کا اعتراف سامنے آ گیا

 امام الحق فائل فوٹو امام الحق

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ  ورلڈ کپ میں جو امید لے کر آیا تھا وہ کارکردگی نہیں دکھا سکا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ بھرپور پریکٹس کی، ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ فارم میں ہوں مگر بڑی اننگز نہیں کھیل پارہا ہوں، 40 رنز کے قریب پہنچ کر غلطیاں کیں اس پر قابو پاؤں گا۔

امام الحق نے کہا کہ کوچز اور کپتان بھی کہتے رہے ہیں کہ بہتر آغاز کو بڑے اسکور میں بدلنا چاہئے تھا لیکن افسوس ہے کہ میں ایسا نہیں کرپایا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کروں گا، غلطیوں سے سبق سیکھنے والا ہی اچھا پلیئر بنتا ہے۔

امام الحق نے کہا کہ عوام کے منفی رویوں سے تکلیف ضرور ہوتی ہے، ہمارا اچھا برا سب کھیل ملک اور قوم کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی کو صفائی دینے کی ضرورت نہیں ہے، میرٹ پر ٹیم میں آیا ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اب بھی سیمی فائنل میں جانے کا چانس ہے، لڑکے بہترین فارم میں ہیں اور ٹیم اچھے ردھم میں ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 5 جولائی بروز جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، بنگلہ دیش میگا ایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ قومی ٹیم کے 8 میچ میں 9 پوائنٹس ہیں۔

install suchtv android app on google app store