حارث سہیل نے ناقدین کے منہ بند، شعیب ملک کا ورلڈکپ ختم کردیا

حارث سہیل فائل فوٹو حارث سہیل

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز حارث سہیل نے ایک بار پھر اپنے انتخاب کو درست ثابت کر تے ہوئے ناقدین کے منہ بند کردیے۔

حارث سہیل نے نہ صرف اپنے سینیئر ساتھی کے بیان کو اپنی بیٹنگ سے غلط ثابت کیا بلکہ شعیب ملک کا ورلڈکپ بھی ختم کردیا۔

جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حارث سہیل نے کلاسیکل بیٹنگ کی اور 59 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور نو چوکے شامل تھے، ان کے اسٹروکس کو دیکھ کر لارڈز میں تماشائیوں نے بھرپور داد دی۔

سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نے چند دن پہلے کہا تھا کہ حارث سہیل ون ڈے کرکٹ کے بیٹسمین ہی نہیں ہیں انہیں ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔

حارث سہیل کو ورلڈ کپ کے تین میچوں میں باہر بٹھانا حیران کن تھا۔2018 سے انہوں نے پاکستان کیلئے 643 رنز 53 کی اوسط سے بنائے جس میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم میں مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کئی ماہ سے مشکلات سے دوچار ہے اور سلیکشن کمیٹی آزمودہ اور عمر رسیدہ کھلاڑیوں کو کھلاکر نوجوان کرکٹرز پر عدم اعتماد کا اظہار کررہی ہے۔

حارث سہیل کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کھلایا گیا تھا جس میں انہوں نے 8 رنز بنائے تھے لیکن اس کے بعد شعیب ملک ٹیم میں آگئے اور حارث سہیل کو مسلسل باہر بیٹھنا پڑا۔

آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف دو میچوں میں بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہونے پر شعیب ملک کو خراب بیٹنگ فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا ۔

شعیب ملک نے ورلڈ کپ میں جس طرح کی کارکردگی دکھائی ہے اس کے بعد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی ان کی جگہ مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

اگلے سال پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم ہے۔37 سالہ شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیل کر کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔

22سال سے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے شعیب ملک اس وقت کرس گیل کے بعد دنیا کے دوسرے سنیئر ترین کرکٹر ہیں جنہوں نے1997 میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی تھی۔

install suchtv android app on google app store