ورلڈکپ2019: آسٹریلیا نے سری لنکا کو ہرا دیا

آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا فائل فوٹو آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا

ورلڈ کپ 2019 کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دے دی۔

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 335 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 45.5 اوورز میں 247 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اوول گراؤنڈ میں سری لنکن کپتان کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

کرونا رتنے کا کہنا تھا کہ چند دن بارش رہی ہے اس لیے پہلے بولنگ کر کےکنڈیشن کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا لیکن گزشتہ میچ میں پاکستان کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے وارنر آج بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 26 رنز بنا کر ڈی سلوا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔


پہلے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے 153 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی پھر مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ نے سری لنکن بیٹسمینوں کی کمر توڑ دی— فوٹو: آئی سی سی
آسٹریلیا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان خواجہ تھے جو 10 رنز بنا کر ڈی سلوا کا شکار بنے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ نے سری لنکن بولرز کی دل کھول کر پٹائی کی۔ ایرون فنچ 132 گیندوں پر 153 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور اڈانا کی گیند پر کرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

میکسویل نے بھی 25 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے اوڈانا اور ڈی سلوا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز شاندار رہا۔ اوپنر کرونارتنے اور کوشل پریرا نے 115 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔ سری لنکا کو پہلا نقصان پریرا کی صورت میں ہوا جو 52 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے۔

کرونارتنے نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 97 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے سری لنکن بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 247 پر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، رچرڈسن نے 3 اور پیٹ کمنز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم پوائںٹس ٹیبل پر سب سے اوپر آگئی ہے۔

install suchtv android app on google app store