لیورپول کے عظیم کھلاڑی آن رش کی اگلے ہفتے پاکستان آمد کا اعلان

آن رش کی پاکستان آمد فائل فوٹو آن رش کی پاکستان آمد

انگلش فٹبال کلب لیورپول کے عظیم سابق اسٹرائیکر اور ٹیم کے عالمی سفیر آن رش رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ فٹبال کو ملک میں گراس روٹ سطح پر فروغ دیں گے۔

پاک ریڈز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں اعلان کیا گیا کہ آن رش 21 اپریل کو لاہور میں قائم پاک ریڈز کے ہیڈ کوارٹرز میں لیورپول اور کارڈف کے درمیان کھیلے جانے والے پریمیئر لیگ کے میچ کی اسکریننگ میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ اس کھیل کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جیت سے ان کی ٹیم لیگ ٹیبل میں سب سے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرلے گی‘۔


قبل ازیں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے ان کے پاکستان آنے سے قبل ملاقات کی تھی۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق آن رش پاکستان کے دورے کے دوران نوجوان فٹبالروں کو تربیت بھی دیں گے تاکہ وہ کھیل میں اپنی پوری صلاحیت آزما سکیں۔

نفیس زکریا نے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت پاکستانی نوجوان کو فٹبال جیسے کھیلوں میں پروفیشنل سطح پر لایا جاسکتا ہے۔

ہائی کمشنر نے آن رش اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

گزشتہ چند ماہ میں پاکستان نے مختلف معروف فٹبالروں کی میزبانی کی ہے جن میں کارلیس پویول، رکارڈو کاکا، لوئس فیگو اور نکولس انیلکا شامل ہیں۔

قبل ازیں سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے آن رش کو پاکستان میں فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی دعوت دی تھی۔

گذشتہ روز آن رش نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈاکٹر یوسف صدیقی نے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے لیورپول فٹ بال کلب گلوبل ایمبیسیڈر کو پاکستان میں فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی دعوت دی ہے اور یہ پاکستان میں اس طرح کی پہلی فٹ بال اکیڈمی ہو گی جس میں گراس روٹ سطح پر تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آن رش نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فٹ بال کے حوالہ سے بریفنگ دی ہے اور کھلاڑیوں کو تربیت بھی دیں گے۔

install suchtv android app on google app store