امریکی ویزا نا ملنے پر پاکستانی باکسر عثمان وزیر کی فائیٹ نیویارک سے دبئی منتقل

پاکستانی باکسر عثمان وزیر فائل فوٹو پاکستانی باکسر عثمان وزیر

امریکی سفارتخانے کی جانب سے ویزا نا ملنے پر پاکستانی باکسر عثمان وزیر کی فائیٹ نیویارک سے دبئی منتقل کردی گئی۔ عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کے انڈر کارڈ عثمان وزیر کی فائیٹ بیس اپریل کو نیویارک میں ہونا طے پائی تھی۔

عامر خان باکسنگ اکیڈمی اسلام آباد کے ابھرتے ہوئے باکسر عثمان وزیر نے بیس اپریل کو نیویارک میں عامر خان کے انڈر کارڈ اپنے مدمقابل کا سامنا کرنا تھا، اس حوالے سے عثمان وزیر کے پریکٹس سیشن بھی جاری تھے۔

امید کی جارہی تھی کہ پاکستان کی ایک باکسنگ اکیڈمی سے نوجوان باکسر نیویارک کے باکسنگ رنگ میں فتح حاصل کرکے ملک کا نام بھی روشن کرے گا، تاہم عثمان وزیر اور ان کی ٹیم کی جانب سے امریکی سفارتخانے سے بار بار رابطوں کے باوجود کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا حالانکہ کیلنڈر اور شیڈول کے مطابق پاکستانی باکسر کو مزید ٹریننگ کے لئے فائیٹ سے ایک ماہ قبل نیویارک پہنچنا تھا۔

تمام تر دستاویزات کی فراہمی کے باوجود اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی جانب سے کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی جس کے بعد نیویارک میں ہونے والی فائیٹ کو باامر مجبوری دبئی منتقل کردیا گیا ہے جو کہ تین مئی کو منعقد ہوگی۔

دوسری جانب عامر خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ حکومت کی جانب سے عثمان کو نیویارک بھیجنے کے لئے جو تعاون کیا گیا وہ اس پر بے حد مشکور ہیں۔

عامر خان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ بیس اپریل کو نیویارک میں باکسر کرافورڈ کے ساتھ اپنی فائیٹ کے بعد مئی میں دبئی جائیں گے اور عثمان وزیر کے ایونٹ میں بھی شرکت کریں گے۔

install suchtv android app on google app store