پاکستان سپر لیگ فور: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلا میچ اپنے نام کرلیا

پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی فائل فوٹو پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دے کر پہلا میچ اپنے نام کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رانچی اور رضوان حسین بطور اوپنرز میدان میں اترے۔

45 رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد کی پہلی وکٹ رضوان کی صورت میں گری جنہوں نے 15 رنز بنائے، اگلی ہی گیند پر لیوک رانچی جبکہ اوور کی آخری گیند پر سالٹ آﺅٹ ہوگئے۔

حسین طلعت اور کیمرون ڈیلپورٹ نے چوتھی وکٹ کے لیے 55رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد ڈیلپورٹ 24رنز بنا کر راحت علی کی چوتھی وکٹ بنے،حسین طلعت عمدہ باری کھیلنے کے بعد 37رنز بنا کر براتھویٹ کا شکار بنے،فہیم اشرف اور آصف علی نے محض 28 گیندوں پر 59رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو کامیابی دلا دی ،آصف علی 36 اور فہیم اشرف 29رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن اسلا م آباد یونائیٹڈ کو جیت کےلئے 172رنز کا ہدف دیا ۔

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور کی جانب سے اوپنرز فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا اور اسلام آباد کے باﺅلرز کی کھل کر دھلائی کی ،اس دوران فخر زمان نے اپنے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر کی11ویں نصف سنچری بھی مکمل کی، سہیل اختر37رنز سکور کرکے فہیم اشرف کی گیند پر آﺅ ٹ ہوئے۔

فخر زمان اور اے بی ڈیویلیئرز نے دوسری وکٹ کے لیے 32رنز جوڑے جسکے بعد فخر زمان 6چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 65رنز بنا کر پوویلین لوٹے، ڈیویلیئر ز کی لاہور کیلئے پہلی اننگز 24رنز تک محدود رہی، وہ وقاص مقصود کا شکار بنے۔

برینڈن ٹیلر محض 2رنز بنا کر ڈیلپورٹ کی گیندپر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،کارلوس براتھ ویٹ 6رنز بنا کر فہیم اشرف کا دوسرا شکا ر بنے،اینٹن ڈیوچچ 14رنز بنا رن آﺅٹ ہوگئے۔

یاسر شاہ 7رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے، شاہین آفریدی اننگ کی آخری گیند پر آﺅٹ ہوگئے اور یوں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں8وکٹوں پر171رنز سکور کیے ۔

اسلام آباد کی ٹیم میں رضوان حسین، لیوک رانچی (وکٹ کیپر)، فلپ سالٹ، حسین طلعت، کیمرون ڈیلپورٹ، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، سمت پٹیل، محمد سمیع (کپتان) اور وقاص مقصود شامل ہیں۔

لاہور کی ٹیم میں فخر زمان، محمد حفیظ (کپتان)، اے بی ڈیویلیئرز، اینٹن ڈیوچچ، برینڈن ٹیلر، سہیل اختر، کارلوس بریتھویٹ، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، حارث رﺅف اور راحت علی شامل ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store