انگلینڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر راضی ہو گیا ہے: چیئرمین پی سی بی

 چیئرمین پی سی بی احسان مانی فائل فوٹو چیئرمین پی سی بی احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے درمیان مذاکرات کے بعد پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر راضی ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2022ء میں سیریز شیڈول ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ یہ سیریز کسی نیوٹرل مقام کی بجائے پاکستان میں کھیلی جائے۔

اگر پی سی بی کی کوششیں کامیاب ہو گئیں تو 2005ءکے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ”مجھے امید ہے کہ انگلینڈ اس حوالے سے مزید مذاکرات کیلئے بالکل تیار ہے، لیکن ٹیم انگلینڈ کے دورہ پاکستان کیلئے ایک مجوزہ طریقہ کار ہے۔

انگلینڈ کیخلاف پاکستان کی اگلی ہوم سیریز سے قبل بہت وقت ہے کہ وہ اپنے طور پر تمام معاملات کا جائزہ لے سکیں، میں اس وقت تک کسی صورت بھی ایک ٹیم کو پاکستان آنے کی دعوت نہیں دوں گا، جب تک ان کیلئے یہ دورہ محفوظ نہ ہو۔“

احسان مانی رواں مہینے کے آخر میں اس حوالے سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز سے دبئی میں ملاقات بھی کریں گے جس کا مقصد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دینا نہیں بلکہ اس دورے کو یقینی بنانے کیلئے بامقصد مذاکرات اور طریقہ کار کا آغاز کرنا ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ اس ملاقات سے وہ اپنے طور پر معاملات کا جائزہ لینے کا آغاز کر دیں گے اور ہم ان کے ہر طرح کے خدشات کے بارے میں بات کریں گے اور اگر کوئی خدشات ہیں بھی تو انہیں یہ بتائیں گے کہ ہم انہیں کیسے دور کر سکتے ہیں تاکہ مکمل رضامندی کے بعد ہی انہیں دورے کی باقاعدہ دعوت دی جا سکے، اس کیلئے تمام لوگوں کا مطمئن ہونا ضروری ہے۔

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد پی سی بی پرامید ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ ٹیمیں اگلے 12 مہینوں کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی اور اس کیساتھ ہی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ باقاعدہ طور پر بحال ہو جائے گی۔

install suchtv android app on google app store