بی پی ایل میں شاہد آفریدی نے بیٹنگ کا جادو جگادیا

 شاہدآفریدی فائل فوٹو شاہدآفریدی

بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں شاہدآفریدی نے بیٹنگ کا جادو جگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بی پی ایل میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں 128 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی کومیلا وکٹورینز کو پہلے تمیم اقبال نے 35 رنز سے کچھ تقویت ملی اور پھر آخر میں شاہد آفریدی نے 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز بناکر کامیابی سے ہمکنار کردیا، انھوں نے سیکنڈ لاسٹ بال پر الوک کپالی کو باؤنڈری کی سیر کروا کر اپنی ٹیم کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا، سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے 16 اور شعیب ملک نے 13 رنز بنائے، محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بال ٹیمپرنگ میں پابندی کے شکار دوسرے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں سلہٹ نے 8 وکٹ پر 127 رنز بنائے، پوران 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، خود وارنر نے 14 رنز بنائے، مہدی حسن، محمد شاہد اور محمد سیف الدین نے دودو جبکہ شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 3 وکٹ پر 169 رنز بنائے، ریلی روسیو 76 اور روی بوپارا 40 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جواب میں کھلنا ٹائیٹنز کی ٹیم 5 وکٹ پر 161 رنز بناپائی، پال اسٹرلنگ نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے۔ شفیع الاسلام نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

install suchtv android app on google app store