ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کو کینگروز پر 281 رنز کی برتری

  • اپ ڈیٹ:
ابوظہبی ٹیسٹ: آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی 91 رنز پر آؤٹ فائل فوٹو ابوظہبی ٹیسٹ: آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی 91 رنز پر آؤٹ

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے 145 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے ہیں اور اس طرح گرین کیپس کی مجموعی برتری 281 رنز ہو گئی ہے۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں جاری میچ میں محمد عباس کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح قومی ٹیم کو 137 رنز کی برتری ملی۔

ابوظہبی  میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنج اور مچل اسٹارک نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن صرف 16 رنز کے اضافے سے محمد عباس نے شان مارش کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 3 رنز ہی بناسکے جس کے بعد محمد عباس نے ٹراوس ہیڈ کو بھی آؤٹ کرکے آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کردیا وہ 14 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کو پانچواں نقصان مچل مارش کی صورت میں اٹھانا پڑا جب یاسر شاہ نے 75 کے مجوعی اسکور پر مارش کو 13 رنز پر آؤٹ کیا اور پھر 85 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنج کی ہمت بھی جواب دے گئی وہ 39 رنز پر بلال آصف کا شکار بنے، بلال نے ٹم پین کو بھی 3 رنز پر آؤٹ کرکے قومی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلوائی۔

محمد عباس نے مچل اسٹاک کو 34 رنز پر پویلین بھیج کر اننگز میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

گزشتہ روز آسٹریلیا نے پاکستان کی پہلی اننگز میں 282 رنز کے جواب میں بیٹنگ شروع کی تو محمد عباس کی نپی تلی بالنگ کے باعث کینگروز کے 2 کھلاڑی صرف 20 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کھیل کے پہلے روز آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی آدھی ٹیم کو صرف 57 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94،94 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل اسٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔

install suchtv android app on google app store