ایشیا کپ میں بڑا اپ سیٹ؛ افغانستان کی سری لنکا کو شکست

ایشیا کپ میں بڑا اپ سیٹ؛ افغانستان کی سری لنکا کو شکست فائل فوٹو ایشیا کپ میں بڑا اپ سیٹ؛ افغانستان کی سری لنکا کو شکست

ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بڑا اپ سیٹ سامنے آگیا، افغانستان نے سری لنکا کو 91 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد شہزاد اور احسان اللہ نے ٹیم کو 57 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ شہزاد 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد احسان اللہ نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر 50 رنز کی شراکت قائم کی، احسان 45 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

نئے آنے والے بلے باز اصغر افغان صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم رحمت نے حشمت اللہ کے ساتھ مل کر اسکورڈ بورڈ آگے بڑھایا اور وہ 72 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور حشمت اللہ 37 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ تجربہ کار بلے باز محمد نبی کی اننگز صرف 15 رنز تک محدود رہی اور نجیب اللہ زردان 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ اکیلا داننجایا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری اننگ

افغانستان کی جانب سے دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ شروع ہوئی۔ مینڈس کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے، دھننجایا ڈی سلوا نے 23 رنز اسکور کیے، اپل تھارنگا 36 اور کوسل پریرا 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی شیہان جے سوریا تھے جنہوں نے 14 رنز بنائے۔

سری لنکن ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم اس کے ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 42 ویں اوور میں محض 158 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کھلاڑیوں تھیسارا نے 28، دسون شنکا نے صفر، دننن جایا نے2 اور ملنگا نے ایک رنز اسکور کیا، چمیرا دو رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغان بالرز میں مجیب الرحمن، گلبدین نائب، محمد نبی اور راشد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ اس شکست کے بعد پانچ بار کی ایشین چیمپئن سری لنکن ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی جب کہ گروپ بی میں شامل افغانستان اور بنگلہ دیش اگلے مرحلے میں پہنچ گئے۔

install suchtv android app on google app store