حفیظ سمیت کسی بھی کھلاڑی کیلئے دروازے بند نہیں ہوئے: مکی آرتھر

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور محمد حفیظ فائل فوٹو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور محمد حفیظ

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ محمد حفیظ سمیت کسی بھی کھلاڑی کے لیے دروازے بند نہیں ہوئے۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کسی کھلاڑی کا کرئیر ختم نہیں ہوا اور حفیظ بھی ہمارے پلان میں شامل ہیں۔

جمعے کو جنگ کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں، ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ ہماری ٹیم کو کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے اور اس برانڈ میں کون سا کھلاڑی کہاں فٹ ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ ناقابل یقین کھلاڑی ہیں اور پاکستان کے لیے اس کا شمار عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہے کہ حفیظ کس طرح ٹیم میں فٹ ہو سکتا ہے اور کس طرح آگے بڑ ھ سکتا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اس خبر کی بھی تصدیق کی کہ سر فرا زا حمد کے ساتھ نائب کپتان کا تقرر کیا جا رہا ہے۔

جنگ کو انٹر ویو میں مکی آرتھر نے کہا کہ درست بات ہے نائب کپتان کے لیے ہم نے سوچ بچار شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے اعلان سے قبل چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے بات کریں گے اور انہیں اس بارے میں اپنا موقف بتائیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کو سرفراز احمد کی جگہ نائب کپتان بنانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے مجھے امید ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو قائل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے کیونکہ نئے چیئرمین ایک پروفیشنل شخص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری جب لاہور میں ان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے مجھے، سرفراز احمد اور پوری ٹیم کو سپورٹ کیا۔

مکی آرتھر سے سوال کیا گیا کہ آپ کے نجم سیٹھی سے اچھے تعلقات تھے، احسان مانی سے ملاقات کیسی رہی۔

احسان مانی کے بارے میں مکی آرتھر نے کہا کہ میری ان سے ملاقات خوشگوار رہی، انہوں نے میری باتوں کو غور سے سنا اور اپنی حکمت عملی بھی بتائی، مجھے وہ ایک پروفیشنل شخص لگے، امید ہے کہ ان سے بھی ورکنگ ریلشن شپ اچھی رہے گی۔

install suchtv android app on google app store