چیف سلیکٹر انضمام الحق تنازعات کی زد میں آگئے

پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق فائل فوٹو پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق

پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق تنازعات کی زد میں آگئے۔

چیف سلیکٹرانضمام الحق کے حوالے سے اطلاعات گردش میں ہیں کہ انہوں نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کو فون کرکے کہا کہ آپ نے میرے بیٹے کو انڈر 19 ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق باسط علی نے یہ بات سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے بتاتے ہوئے اس کی صداقت پر بھی اصرار کیا ہے۔

دوسری جانب انضمام الحق نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے بھی جونیئر سلیکشن کمیٹی سے رابطہ نہیں کیا، الزام میرے لئے باعث تشویش ہے اور اس معاملے کو چیئرمین پی سی بی کے پاس لیکر جارہا ہوں۔

یاد رہے کہ انضمام الحق کو پی ایس ایل کی پلیئرز کیٹیگری کمیٹی سے پہلے ہی فارغ کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کا اپنے ہی چیف سلیکٹر انضمام الحق پر سے اعتبار اٹھ گیا، مفادات کے ٹکراؤ کا جواز دے کر پی ایس ایل پلیئرز کیٹیگری کمیٹی سے باہر کر دیا۔

پی ایس ایل ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کی کیٹیگری کا تعین کیا جاتا ہے، ماضی میں چیف سلیکٹر انضمام الحق یہ فریضہ انجام دیتے تھے،ذرائع کے مطابق اس بار بعض فرنچائزز نے اعتراض اٹھایا کہ چیف سلیکٹر چونکہ لاہور قلندرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک رہے، اس سے مفادات کا ٹکراؤ ہوتا ہے ،لہذا ان کو پروسس سے الگ رکھا جائے، پی سی بی نے اس اعتراض کو تسلیم کرتے ہوئے انضمام کو کمیٹی سے باہر کر دیا۔

اس سے واضح ہوگیا کہ حکام نے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرنے والے خود اپنے چیف سلیکٹر کی دیانتداری پر شک کیا، جس سے ان کی ساکھ پر سوال اٹھنے لگے ہیں،اس بار اختیار کردہ طریقہ کار کے تحت فرنچائزز مجوزہ کیٹیگریز لیگ منتظمین کے ساتھ شیئر کریں گے۔

اس کے بعد قومی سلیکٹرز وسیم حیدر اور وجاہت اﷲ واسطی سمیت پی ایس ایل ہیڈ آف پلیئرز ایکویزیشن عمران احمد خان اس کا جائزہ لے کر پی ایس ایل تھری ڈرافٹ میںشرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی نئی کیٹیگریز کو حتمی شکل دیں گے، مقامی کھلاڑیوں کی ازسرنو تشکیل دی جانے والی کیٹیگریز کے بعد غیرملکیوں کی حتمی فہرست اور باقی بچ جانے والے دیگر تمام مقامی کرکٹرز کی کیٹیگریز میں سے ٹیموں کا انتخاب ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ طوفانی رفتار سے ترقی کی منازل طے کرنے والے عمران احمد خان نان کرکٹر ہونے کے باوجود اس کمیٹی میں شامل ہیں،ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ بعض ٹیموں کیلیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں مفادات کے ٹکرائو والی بات کچھ نئی نہیں ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہر محمود ایک ہی فرنچائزکراچی کنگز سے وابستہ ہیں۔

install suchtv android app on google app store