پاکستان، بھارت کے عظیم کھلاڑیوں کے ناموں سے سیریز ہونی چاہیے: یونس خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان فائل فوٹو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان انہی ممالک کے عظیم کھلاڑیوں کے ناموں سے باقاعدہ سیریز ہونی چاہیے۔

میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کرکٹ کی بات کرتے ہیں، اب ہمیں یہ بھی واضح کرنا ہے دونوں ممالک کے درمیان سیریز کیسی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے پاکستان ٹیم میں بہت بہتری آئی ہے، اور اس کی وجہ سے بہترین کھلاڑی بھی ٹیم کو ملے ہیں۔

ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کانٹے کا مقابلہ ہوگا، اس میں جو ٹیم بہتر کھیلے گی اسے فائدہ ہوگا۔

انہوں نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابری کی بنیاد پر ہی ہوتا ہے اور گزشتہ ایونٹ میں راؤنڈ کے میچ میں بھارت جبکہ فائنل میں پاکستان کامیاب رہا تھا۔

ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے سوال کے جواب میں ریکارڈ ساز ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈیم کے ساتھ ساتھ اور بھی دیگر تعمیرات ہونی چاہیئں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیم فنڈ میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

یونس خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومتوں کا سب سے بڑا کردار ہوتا ہے، ان کے ہاتھ میں اختیارات ہیں، لہٰذا وہ آگے آئیں، تاکہ قوم ان کی پیروی کر سکے، تاہم انہیں کسی بھی طرح کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔

ایشیا کپ رواں ماہ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں موجود ہیں۔

ایونٹ میں پاکستان گروپ میں اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ اور 19 کو بھارت سے کھیلے گا۔

install suchtv android app on google app store